مولانا محمد ادریس ترنگزئی کی شہادت پر خرم نواز گنڈاپور کا اظہار افسوس
قاتلوں کو گرفتار کر کے سخت سزا دی جائے:سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک
صاحبزادہ پیر سعید حسین القادری اور چوہدری عرفان یوسف کی واقعے کی شدید مذمت

لاہور (5 مئی 2026) پاکستان عوامی تحریک کے سیکریٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے ممتاز دینی، سیاسی و سماجی رہنما، سابق رکنِ صوبائی اسمبلی، شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس ترنگزئی کی المناک شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال نہایت تشویشناک ہو چکی ہے اور آئے روز ایسے افسوسناک واقعات عوام کے جان و مال کے تحفظ پر سنگین سوالات کھڑے کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اور متعلقہ اداروں پر لازم ہے کہ وہ اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کریں اور شہریوں کو مکمل تحفظ فراہم کریں۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ اس سفاکانہ قتل میں ملوث عناصر کو فوری گرفتار کیا جائے اور انہیں قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات کے خلاف مؤثر، ٹھوس اور فوری اقدامات ناگزیر ہیں، بصورت دیگر حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔
دریں اثنا سرپرست تحریک منہاج القرآن خیبرپختونخوا صاحبزادہ پیر سعید حسین القادری اور نائب ناظم اعلیٰ منہاج القرآن خیبرپختونخوا چوہدری عرفان یوسف نے بھی مولانا محمد ادریس ترنگزئی کی شہادت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ایک ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے بزدلانہ حملے معاشرے کے امن کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہیں جنہیں ہر صورت ناکام بنانا ہوگا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعہ میں ملوث عناصر کو فوری طور پر قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ یہ سانحہ نہ صرف مرحوم کے اہلِ خانہ بلکہ پوری قوم کے لیے صدمے کا باعث ہے۔ انہوں نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔


تبصرہ