خیبر پختونخوا میں بارشوں سے جانی و مالی نقصان پر خرم نواز گنڈاپور کا اظہارِ افسوس
لاہور (7اپریل2026) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے خیبر پختونخوا میں حالیہ شدید بارشوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بارشوں کے باعث گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک اور تشویشناک ہے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں پاکستان عوامی تحریک ان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق افراد کو اپنی جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحت یاب کرے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں اب تک 47 افراد کے جاں بحق ہونے اور سینکڑوں گھروں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر ریسکیو اور ریلیف آپریشنز کو تیز کیا جائے اور متاثرہ خاندانوں کو ہنگامی بنیادوں پر امداد فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بے گھر ہونے والے افراد کے لیے عارضی رہائش، خوراک اور طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کے رضا کارمتاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔


تبصرہ