یوم پاکستان ملک کی خدمت اور قربانی کا درس دیتاہے: خرم نواز گنڈاپور
23مارچ کا دن برصغیر کے مسلمانوں کی جدوجہد، قربانیوں اور ایک عظیم مقصد کے حصول کی یاد دلاتا ہے
اتحاد، اتفاق اور قانون کی بالادستی سے ہی ملک مضبوط ہے: سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک

لاہور (23مارچ 2026) سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپورنے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ یوم پاکستان ملک کی خدمت اور قربانی کا درس دیتاہے۔ 23مارچ کا دن برصغیر کے مسلمانوں کی جدوجہد، قربانیوں اور ایک عظیم مقصد کے حصول کی یاد دلاتا ہے، یہ دن ہمیں اس عہد کی تجدید کا درس دیتا ہے کہ ہم پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک فلاحی، اسلامی اور جمہوری ریاست بنانے کے لئے اپنے ذمہ داریاں ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ قرارداد پاکستان ایک نظریہ، ایک وژن اور ایک عزم کا نام تھا جس کی بنیاد عدل، مساوات، رواداری اور اسلامی اقدار پر رکھی گئی تھی، آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم ان بنیادی اصولوں کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں میں نافذ کریں، خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے جس کی حفاظت، ترقی،خوشحالی اور استحکام ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، انہوں نے کہا کہ ہم اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں میں دیانت، سچائی اور ذمہ داری کو اپنائیں تاکہ پاکستان کو ایک مثالی فلاحی ریاست بنایا جا سکے، انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے اسلاف کی قربانیوں کو یاد رکھتے ہوئے پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لئے عملی کردار ادا کرنا ہو گا اور قومی یکجہتی کو فروغ دینا ہو گا۔


تبصرہ