شہریوں کو نشانہ بنانا انسانیت دشمنی ہے: خرم نواز گنڈاپور
قوم دہشتگردی کے سامنے جھکی ہے نہ جھکے گی
دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی شدید مذمت کرتے ہیں: سیکرٹری جنرل PAT

لاہور(25فروری2026) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم دہشتگردی کے سامنے جھکی ہے نہ جھکے گی، دہشتگردوں سے بے رحمی سے نمٹا جائے۔ خیبر پختونخوا اور ملک کے دیگر علاقوں میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی شدید مذمت کرتے ہیں۔بے گناہ شہریوں اور سکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنانا کھلی دہشت گردی اور انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے قومی اتحاد، مؤثر حکمت عملی اور ریاستی اداروں کے درمیان مربوط تعاون ناگزیر ہے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے اس حوالے سے تمام وسائل اور ریاستی طاقت برئوے کار لائی جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ دہشت گرد عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلاامتیاز اور فیصلہ کن کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ ملک دشمن نیٹ ورک کا مکمل خاتمہ ہو سکے۔ انہوں نے افواج پاکستان کے دہشتگردوں کے خلاف سخت ایکشن اور کارروائیوں کو سراہا۔ انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے بزدلانہ حملے قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔


تبصرہ