مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے: قاضی زاہد حسین
عالمی برادری اور اقوامِ متحدہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے
کشمیر انسانی حقوق کا سنگین مسئلہ بن چکا ہے: مرکزی صدر پاکستان عوامی تحریک

لاہور(4 فروری 2026) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے 5 فروری یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی بیان میں کہا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک کشمیری عوام کے ساتھ ہمدردی، یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔ کشمیری عوام نے جس صبر، حوصلے اور استقامت کے ساتھ مشکلات اور آزمائشوں کا سامنا کیا ہے، وہ پوری انسانیت کے لیے حوصلے اور وقار کی علامت ہے۔ پاکستان عوامی تحریک اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں ان کے امن، عزت، باوقار زندگی اور بہتر مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کے ساتھ کھڑی ہے۔ دعاگو ہیں کہ کشمیر کے عوام کے کاروبارِ زندگی میں امن، اطمینان، خوشحالی اور امید کی فضا قائم ہو اور آنے والا وقت ان کے لیے سکون اور استحکام لے کر آئے۔
انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے اور عالمی برادری، بالخصوص اقوامِ متحدہ، اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کئی دہائیوں سے اپنے حقِ خود ارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں لیکن یہ مسئلہ آج بھی حل طلب ہے۔قاضی زاہد حسین نے اپنے بیان میں کہا کہ کشمیر صرف ایک علاقائی تنازعہ نہیں بلکہ یہ ایک انسانی حقوق کا سنگین مسئلہ بن چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوامِ متحدہ نے خود کشمیری عوام کو استصوابِ رائے کا حق دیا تھا، مگر افسوس کہ آج تک ان قراردادوں پر عملدرآمد نہیں ہو سکا۔ عالمی اداروں کو چاہیے کہ وہ دوہرے معیار ترک کر کے مظلوم کشمیریوں کو انصاف دلائیں۔مرکزی صدر پاکستان عوامی تحریک نے مزید کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔


تبصرہ