لاہور ہائیکورٹ بار انتخابات:عوامی لائرز فورم کا ملک آصف نسوانہ اور فرخ الیاس چیمہ کی حمایت کا اعلان
عوامی لائرز فورم نےلاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں امیدواروں کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میںملک آصف نسوانہ کو صدر اور فرخ الیاس چیمہ کی بطور سیکرٹری حمایت کا اعلان کیا گیا۔ تقریب میں عوامی لائرز فورم کے مرکزی صدر اور امیدوار پنجاب بار کونسل نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ سمیت دیگر عہدیداران و سینئر وکلا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب میں، سینئر ایڈووکیٹ سپریم کورٹ اظہر صدیق، آصف سلہریا ایڈووکیٹ، سردار غضنفر حسین ایڈووکیٹ، ایم صائم چوہدری ایڈووکیٹ، میاں نعیم چوہدری ایڈووکیٹ، میاں زاہد اسلام، راجہ زاہد محمود، یاسین بھٹی ایڈووکیٹ، ا حسن گیلانی ایڈووکیٹ، رائے اقبال کھرل ایڈووکیٹ، سعود احمد خان ایڈووکیٹ، قاضی ذیشان ایڈووکیٹ سمیت دیگر وکلا رہنمائوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عوامی لائرز فورم کی جانب سے دونوں امیدواروں کی بھرپور انتخابی مہم چلائی جائے گی۔
سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے اس موقع پر امیدواروں کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عوامی لائرز فورم نے ہمیشہ وکلا کے حقوق کے لئے جدوجہد کی ہے ان دونوں امیدواران کی کامیابی بار اور بنچ کے مفاد میں ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوامی لائرز فورم کی قیادت نہ صرف وکلا کے مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہے بلکہ وہ عدلیہ کی آزادی اور انصاف کی فراہمی کے لیے بھی بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔ صدرعوامی لائرز فورم اور امیدوار پنجاب بار کونسل نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ نےعوامی لائرز فورم کا متحرک اور منظم نیٹ ورک پنجاب کے تمام اضلاع اور تحصیلوں میں موجود ہے۔ عوامی لائرز فورم کے عہدیداران اپنے حمایت یافتہ امیدواروں کی کامیابی کےلئے بھر پور کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں امید ہے کہ دونوں وکلا رہنما انتخابات میں کامیابی کے بعد آئین و قانون کی بالادستی اور وکلا برادری کی فلاح و بہبود کےلئے بھرپور کردار ادا کریں گے۔
اس موقع پر امیدوار برائے صدرملک آصف نسوانہ اور امیدوار برائے سیکرٹری فرخ الیاس چیمہ نے حمایت پر خرم نواز گنڈاپور اور عوامی لائرز فورم کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
تبصرہ