سانحہ ماڈل ٹائون کے متاثرین کو انصاف دیا جائے: خرم نواز گنڈاپور
نئے چیف جسٹس سپریم کورٹ کے لئے نیک خواہشات کااظہار کرتے ہیں
سود کا خاتمہ 50 سال قبل ہو جانا چاہیے تھا، التواء پر تشویش ہے
لاہور(23 اکتوبر 2024ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ امید ہے نئے عدالتی نظام سے سانحہ ماڈل ٹائون کے متاثرین کو بھی انصاف ملے گا جو 10 سال سے انصاف کے منتظر ہیں۔ عام آدمی کو فوری اور سستے انصاف سے غرض ہے جو نسل در نسل پیشیاں بھگتنے کے باوجود نہیں ملتا۔ سپریم کورٹ کے نئے چیف جسٹس کے لئے نیک خواہشات ہیں۔
امید ہے وہ فوری انصاف کی فراہمی کے حوالے سے آئین کے مطابق عوامی امنگوں پر پورا اتریں گے اور سپریم کورٹ، ہائیکورٹ میں زیر التواء ہزاروں مقدمات جبکہ سیشن، سول کورٹس میں زیر التواء لاکھوں مقدمات نمٹانے کے حوالے سے پالیسی وضع کریں گے اور عدالتوں سے تاریخوں کی بجائے انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئینی ترمیم میں سود کے مکمل خاتمے کی تاریخ 4 سال آگے کر دی گئی ہے۔ یہ کام 50 سال قبل ہو جانا چاہیے تھا، اس پر ہمیں تشویش ہے۔ کیا 4 سال مزید معاذ اللہ، اللہ کے ساتھ حالت جنگ میں گزریں گے؟۔
انہوں نے کہا کہ بعض آئینی ترامیم پر فوری عملدرآمد شروع ہو گیا۔ سود کے خاتمے کے لئے بھی فوری اقدامات کا آغاز کیا جائے۔ جس دن پاکستان کی معیشت سود کی لعنت سے پاک ہو گئی اللہ کی نعمتوں اور برکتوں کا نزول شروع ہو جائے گا۔
تبصرہ