نئے صوبے ناگزیر ہیں، عوامی تحریک کی سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس
آغاز پنجاب سے کیا جائے، پنجاب اسمبلی نے متفقہ قرارداد بھی پاس کی: خرم نواز گنڈاپور
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے استدعا ہے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی زیر التواء اپیلیں نمٹائی جائیں
لاہور(یکم اکتوبر 2024ء) پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کا خصوصی اجلاس سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں بجلی کے بلوں اور مہنگائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ حکومتی سطح پر مہنگائی میں کمی کے اعداد و شمار کاغذی ہیں عملاً عوام کا جینا دوبھر ہوچکا ہے۔ روزگار کے مواقع سکڑ رہے ہیں۔ نوجوان ڈگریاں ہاتھ میں لئے روزگار کے لئے مارے مارے پھررہے ہیں۔ توانائی سستی ہو گی تو کارخانے چلیں گے۔ کارخانے چلیں گے تو روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ عام آدمی کو فوری انصاف اور تحفظ فراہم کرنے کے لئے نئے صوبوں کی تشکیل ضروری ہے، اس کا آغاز پنجاب سے کیا جائے، نئے صوبے بنانے کے حوالے سے پنجاب اسمبلی نے قرارداد بھی منظور کررکھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے 15سال قبل کہا تھا عوام کے معیار زندگی اور لاء اینڈ آرڈر کو بہتر بنانے کے لئے ہر ڈویژن کو صوبہ بنا دیا جائے۔ خرم نواز گنڈاپور نے مزید کہا کہ 5سویونٹ استعمال کرنے والے بجلی کے گھریلو صارفین کو سبسڈی دی جائے۔ آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں کے حوالے سے تاحال پارلیمنٹ نے کوئی ڈسکشن نہیں کی۔ 10 کروڑ سے زائد بجلی صارفین کیپسٹی پیمنٹ کی وجہ سے خط غربت سے نیچے آگئے۔
سنٹرل ایگزیکٹوکونسل کے ممبران نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے استدعا کی کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن سے متعلق سالوں سے زیر التواء اپیلیں نمٹائی جائیں۔ فیصلے نہ ہونے کی وجہ سے ملزمان فائدہ اٹھارہے ہیں۔ سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر میں تنظیم سازی اور تنظیم نو کا عمل تیز کیا جائے گا۔ اجلاس میں کراچی میں تاریخ ساز سیرت النبیؐ کانفرنس کے انعقاد اور فکر انگیز خطاب پر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کو مبارکباد دی گئی۔
اجلاس میں مرکزی صدر قاضی زاہد حسین، چاروں صوبوں کے صدور اور سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کے ممبران نے شرکت کی۔
تبصرہ