نابینا افراد کے جائز مطالبات تسلیم کیے جائیں: خرم نواز گنڈاپور
مقتدر حلقوں کی لاپروائی کی وجہ سے بینائی سے محروم افراد احتجاج کرتے ہیں
لاہور(25 ستمبر 2024ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے لاہور پریس کلب کے باہر روزگارکے تحفظ اور نئی ملازمتوں کے لئے سراپا احتجاج نابینا افراد کے مطالبات کو جائز قرار دیتے ہوئے انہیں تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ مقتدر حلقوں اور بیوروکریسی کی بے حسی اور لاپروائی کی وجہ سے بینائی سے محروم افراد بار بار احتجاج کے لئے نکلتے ہیں۔ آج تک نابینا افراد کی فلاح و بہبود کے لئے کوئی جامع پالیسی نہیں بن سکی۔
ماضی میں بھی دیکھا گیا کہ پولیس ٹریفک جام کا بہانہ بنا کر نابینا افراد کے خلاف ناروا رویہ اختیار کرتی ہے جس سے پوری دنیا میں جگ ہنسائی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں سپیشل افراد کے لئے خصوصی پیکیج اور سہولیات دی جاتی ہیں مگر پاکستان میں نابینا افراد کے لئے کوئی پالیسی نہیں بنتی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا آئین سوسائٹی کے کمزور افراد کی فلاح و بہبود کی ضرورت پر زور دیتا ہے۔
اگر نابینا افراد ملازمتوں کا تحفظ اور اپنے ساتھیوں کے لئے نئی ملازمتیں مانگ رہے ہیں تو اس میں کچھ غلط نہیں ہے۔ ان کے مطالبات بلاتاخیر تسلیم کئے جائیں۔
تبصرہ