اظہر صدیق ایڈووکیٹ پر تشدد کا واقعہ قابل مذمت ہے: خرم نواز گنڈاپور
کوثر کاظمی نے اخلاقیات کی دھجیاں اڑائیں،سخت سزا ملنی چاہئے: سیکرٹری جنرل پی اے
لاہور(13 ستمبر2024) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ سینئر وکیل اورانسانی حقوق کے تحفظ کے حوالے سے قابل فخر خدمات انجام دینے والے اظہر صدیق ایڈووکیٹ پر ٹاک شو کے دوران ہونے والے تشدد کا واقعہ قابل مذمت اور قابل گرفت ہے۔ کوثر کاظمی نے اخلاقیات کی دھجیاں اڑائیں جس کی انہیں سخت سزا ملنی چاہئیے۔ ٹی وی چینلز کے مالکان اور اینکر حضرات کو ایسے مخرب الاخلاق، غیر مہذب اشخاص کو اپنے پروگراموں میں بین کر دینا چاہئیے۔ ہر شخص کو اپنا نقطہ نظر پیش کرنے کاحق حاصل ہے مگر متشدد رویہ اختیا ر کرنا ہر اعتبار سے قابل مذمت اور قابل گرفت ہے۔
انہوں نے کہاکہ میں پاکستان عوامی تحریک کی طرف سے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں اور اس پرتشدد واقعہ کے تناظر میں اظہر صدیق ایڈووکیٹ جو قانونی کارروائی بھی کریں گے ہم ان کی مکمل حمایت کریں گے۔ایسے خودساختہ اور غیر مہذب ترجمان اپنی جماعت کی نیک نامی کی بجائے بدنامی کا باعث بنتے ہیں۔متعلقہ جماعتوں کو بھی چاہئے کہ وہ ایسے افراد کی کڑی گرفت کریں۔
دریں اثنا عوامی لائر فورم کے مرکزی رہنماؤں نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ،راشد چوہدری ایدووکیٹ، سردار غضنفر ایڈووکیٹ،شکیل ممکا ایڈووکیٹ،آصف سلہریا ایڈووکیٹ اور پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ پر تشدد کے واقعہ کی پرزور الفاظ میں مذمت کی ہے اور سخت ایکشن کا مطالبہ کیا ہے۔
تبصرہ