نوجوانوں کا خوشحال مستقبل آئی ٹی سے وابستہ ہے: خرم نواز گنڈاپور
بغیر پلاننگ لیپ ٹاپ کی تقسیم اور انٹرن شپ کے خاطر خواہ نتائج حاصل نہیں ہونگے
حکومت آئی ٹی سیکٹر میں خدمات انجام دینے والی آرگنائزیشن کی سرپرستی کرے
لاہور(29 اگست 2024ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ نوجوانوں کا خوشحال اور محفوظ سماجی و معاشرتی مستقبل انفارمیشن ٹیکنالوجی سے وابستہ ہے۔ بغیر اہداف اور میرٹ کے لیپ ٹاپ بانٹنے اور انٹرن شپ پروگرام کروانے سے کچھ حاصل نہیں ہو گا۔ حکومت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم دینے والے انسٹی ٹیوشنز کو مضبوط بنائے۔ مستند تعلیمی اداروں سے بی ایس انفارمیشن ٹیکنالوجی کرنے والے طلباء و طالبات کو ہی لیپ ٹاپ دئیے جائیں اور انہیں عملی تربیت فراہم کی جائے۔ ہمسایہ ملک بھارت آئی ٹی ایکسپورٹ سے اربوں ڈالر کا زر مبادلہ حاصل کررہا ہے جبکہ اس مد میں ہماری ایکسپورٹ ملینز میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ وزیراعظم نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب اربوں روپے کے لاکھوں لیپ ٹاپ بانٹے تھے کیا کوئی بتائے گا کہ اس عمل کے کیا فوائد حاصل ہوئے؟۔ سیاسی و انتخابی مقاصد کی بجائے سنجیدگی کے ساتھ نوجوانوں کو آئی ٹی کی تربیت دی جائے۔ آئی ٹی کے شعبہ میں ہنر مند افرادی قوت کی دنیا بھر میں ڈیمانڈ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آئی ٹی سیکٹر میں خدمات انجام دینے والی آرگنائزیشن کی سرپرستی کرے۔
تبصرہ