عوام مہنگی بجلی کی وجہ سے تکلیف میں ہیں۔ خرم نواز گنڈاپور
بجلی بلوں نے لوگوں کے گھروں کے کرایہ کی شرح کو پیچھے چھوڑ دیا
ملکی خوشحالی کسانوں کی خوشحالی سے وابستہ حکومت کسانوں کے مسائل کو حل کرے
کرپٹ نظام کو تبدیل کئے بغیر ملکی مسائل کا حل ممکن نہیں ہے
پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل کی ملتان کے عہدیداران سے ملاقات میں گفتگو
لاہور (20 اگست 2024) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ بجلی کے بلوں اور مہنگائی سے عوام پریشان ہیں۔ ہوشربا مہنگائی نے عام آدمی کارزق حلال پر گزارہ ناممکن بنا دیا ہے عوام مہنگی بجلی اور مہنگے پٹرول کی وجہ سے تکلیف میں مبتلا ہیں، بجلی کا بل ادا کرنے کے بعد مزدور خاندانوں کے پاس کھانے کے لئے کچھ نہیں بچتا۔ چھوٹی انڈسٹری اور چھوٹے کاروبار بند ہو چکے ہیں۔ جہاں بجلی کا بل ماہانہ آمدن سے زائد ہوجائے وہاں زندہ رہنا بھی جرم بن جاتا ہے۔ کسان کش پالیسیاں بھی قابل مذمت ہیں۔ ملکی خوشحالی کسانوں کی خوشحالی سے وابستہ ہے، حکومت کو چاہیے کہ وہ کسانوں کے مسائل کو فوری حل کرے تاکہ زرعی ملک کے کسان سکھ کا سانس لے سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان کے تنظیمی عہدیداران سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر مرکزی نائب ناظم اعلیٰ علامہ رانا ادریس قادری، ڈاکٹر زبیراے خان، جاویداشرف وڑائچ، احمد قریشی، احسان سعیدی، یونس قادری، شبیر نواز کھیڑا، نورحسین قادری، شیر خان، چوہدری اشفاق رشید، انجینئر عمر چشتی، چوہدری جاوید بندیشہ، یاسرارشاد دیوان، زمان اعوان، مصباح اسحاق اوردیگر رہنما موجود تھے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ تمام ملکی مسائل کی جڑ موجودہ کرپٹ اورفرسودہ نظام ہے جس میں عوام کیلئے کچھ بھی نہیں ہے۔ جب تک کرپٹ نظام کو تبدیل نہیں کیا جائے گا اس وقت تک ملکی مسائل کا حل ممکن نہیں ہے۔کرپٹ نظام کو تبدیل کرنے کیلئے عوام کو متحد ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کرپٹ نظام کے خلاف جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔ عوام کے شعور کی بیداری کیلئے 25 ہزار مراکز علم قائم کئے جارہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان میں بجلی کے بلوں نے لوگوں کے گھروں کے کرایے کی شرح کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ بھاری بلوں کی ادائیگی کی استطاعت نہ رکھنے والے اپنی قیمتی متاع بیچ کر بل کی ادائیگی کرتے ہیں۔ صورتحال روز بروز سنگین سے سنگین تر ہوتی جا رہی ہے۔
تبصرہ