مغرب میں مسلم کمیونٹی انتہائی رویوں سے دو چار ہے: خرم نواز گنڈاپور
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سیرت النبیؐ کانفرنسز کے ذریعے فکری راہ نمائی کررہے ہیں
منہاج القرآن کے بانی نے میلبورن، سڈنی، برسبین، ملائیشیا، ہانگ کانگ میں تاریخی خطابات کئے
لاہور(19 اگست 2024ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے حالیہ تنظیمی دورے یورپ و جنوبی ایشیاء کے دور رس سماجی و مذہبی ثمرات برآمد ہوں گے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری سفیر امن بن کر مغربی ممالک میں آباد اُمت مسلمہ کے افراد کو اتحاد و یکجہتی، وطن سے محبت اور قانون کے احترام کی نبوی تعلیمات سے روشناس کروا رہے ہیں۔
انہوں نے ہانگ کانگ میں تمام مسالک کے علماء پر مشتمل ”ملی مجلس سیرت ہانگ کانگ“ تشکیل دے کر اتحاد و محبت کی ایک ایسی بنیاد رکھی ہے جس کی خوشبو یقینی طور پر دیگر خطوں تک بھی پھیلے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے جولائی اور اگست میں میلبورن، سڈنی، برسبین، ملائیشیا، ہانگ کانگ میں تاریخی سیرت النبی ﷺ کانفرنسز سے خطاب کیا۔ ان کانفرنسز میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔ ان کانفرنسز میں شرکاء کو پیغام دیا جارہا ہے کہ بطور مسلمان ہماری ترقی اور بقاء اتحاد و یکجہتی اور جہد مسلسل میں ہے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ مغربی ملکوں میں مسلمانوں کو عوامی سطح پر انتہا پسندانہ رویوں کا سامنا ہے۔ مسلمان سماجی و معاشی اعتبار سے دباؤ میں ہیں۔ اس صورتحال میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری مسلم کمیونٹی کو راہ نمائی دے رہے ہیں کہ کسی صورت بھی امن بقائے باہمی کے اصولوں کو نظر انداز نہ کریں اور نہ ہی سطحی قسم کے کسی رد عمل کا شکار ہوں، ہر حال میں مذکورہ معاشروں کی تہذیبی روایات اور قانون کا احترام کریں اور اسوہئ رسول ﷺ سے راہ نمائی لیں۔ تحریک منہاج القرآن دیار غیر میں فرقہ واریت کے خاتمے کی سوچ پروان چڑھانے کے ساتھ ساتھ وہاں مقیم آبادی کو ابھرتے ہوئے نئے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لئے فکری راہ نمائی بھی مہیا کررہی ہے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری سیرت النبی ﷺ کانفرنسز میں نوجوانوں کو بطور خاص نصیحت کرتے ہیں کہ وہ مغرب کی چکا چوند روشنیوں میں اپنے قلب و نظر کے نور کو مانند نہ پڑنے دیں اور نہ ہی اپنے وطن کی محبت کو کمزور ہونے دیں۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام سول سوسائٹی کے نمائندوں اور پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ خصوصی نشستوں میں انہیں تحریک اور ترغیب دیتے ہیں کہ پاکستان اور اس کے عوام ایک مشکل معاشی دور سے گزر رہے ہیں لہٰذا اپنے وطن کی مدد کے لئے زیادہ سے زیادہ ترسیلات زر بھجوائیں اور اس کے لئے ہمیشہ قانونی ذرائع اختیار کریں۔
تبصرہ