پاکستان عوامی تحریک نے جشن آزادی تقریبات کا شیڈول جاری کر دیا
مرکزی سیکرٹریٹ ضلعی و تحصیلی دفاتر میں پرچم کشائی کی تقاریب منعقد کی جائیں گی
منہاج یوتھ لیگ پورے ملک میں جیوے پاکستان یوتھ ریلیاں نکالے گی
زندہ قومیں آزادی کے عظیم دن کوشایان شان طریقے سے مناتی ہیں: خرم نواز گنڈاپور
لاہور (12 اگست2024) پاکستان عوامی تحریک نے 77 ویں یوم آزادی کی تقریبات کو جوش و خروش سے منانے کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ، تمام صوبائی، ضلعی و تحصیلی دفاتر میں جشن آزادی تقریبات کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ تعلیمی اداروں میں تحریک آزادی کے حوالے سے پروگرامز منعقد ہوں گے اور تمام عمارتوں پر پاکستانی پرچم آویزاں کئے جائیں گے۔
پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک نے ملک بھر میں سیمینارز، ریلیاں، دعائیہ پروگرامز اور جشن آزادی تقریبات منانے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ منہاج یوتھ لیگ کے زیراہتمام”جیوے پاکستان یوتھ ریلیاں“ نکالی جائیں گی جن میں ہزاروں نوجوان شرکت کریں گے۔ 14 اگست کے حوالے سے مرکزی تقریب عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہو گی۔
77ویں جشن آزادی کے حوالے سے پرچم کشائی کی جائے گی جس میں پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی،صوبائی و ضلعی قائدین شرکت کریں گے۔ تمام اضلاع کی تنظیمات دعائیہ تقاریب منعقد کریں گی اور اس موقع پر کیک بھی کاٹے جائیں گے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہاکہ زندہ قومیں آزادی کے عظیم دن کو نہ صرف یاد رکھتی ہیں بلکہ عظیم الشان طریقے سے مناتی بھی ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک حصول پاکستان کی جدوجہد میں حصہ لینے والے عظیم قائدین کو خراج تحسین پیش کرنے میں مصروف عمل ہے۔ پورے ملک میں سبز ہلالی پرچم لہرائے جائیں گے اور پودے بھی لگائے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ساری قوم جشن آزادی ملی جوش و جذبے سے منائے اور باہمی عزت و تکریم کا خیال بھی رکھیں۔
تبصرہ