یوم آزادی خود احتسابی کے عزم کے ساتھ منایا جائے: خرم نواز گنڈاپور
اللہ نے ہر نعمت سے نوازا مگر نا اہل سیاست نے کمال کو زوال میں بدل دیا
ارشد ندیم نے مرجھائے چہروں پر پر خوشی کی لہر دوڑا ئی: سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک
لاہور (11 اگست2024) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ یوم آزادی خود احتسابی کے عزم کے ساتھ منایا جائے۔اللہ نے پاکستان کو ہر نعمت سے نوازا مگر بدنیت اور نا اہل سیاسی سوچ نے کمال کو زوال میں بدل دیا۔ نااہل، کرپٹ اور منقسم سوچ بدستور قابض ہے۔ جمہوریت عددی اکثریت سے نہیں امور مملکت چلانے کی صلاحیت سے مضبوط اور ثمر بار ہو گی۔ کرپشن کے ناگ نے سیاست، معیشت، اخلاقیات سمیت کھیل، ثقافت کو بھی ڈس لیا۔ ارشد ندیم نے اولمپک میں گولڈ میڈل حاصل کر کے مرجھائے قومی چہرے پر خوشی کی لہر دوڑا دی، انہیں اور ان کے والدین کو مبارکباد دیتے ہیں بلاشبہ ان کی کامیابی سے عالمی سطح پر قومی وقار میں اضافہ ہوا۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کی ہر گلی ہر شہر میں ارشد ندیم موجود ہیں مگر کرپشن میں لتھڑے ہوئے اس نظام نے ٹیلنٹ کا گلا گھونٹ رکھا ہے۔ پاکستان ہاکی، کرکٹ، سنوکر، سکواش سمیت درجنوں کھیلوں میں راج کیا کرتا تھا مگر کرپشن نے پاکستان کی ثقافت کی پہچان کھیلوں کو تہس نہس کر دیا، کھیل کے میدان ویران ہو گئے۔
انہوں نے کہاکہ آزادی کی قدر یہ ہے کہ پاکستان کا ہر شہری اپنے وطن سے محبت کرے۔ اپنے بچوں کو تعلیم اور سپورٹس کے ساتھ جوڑیں، ارشد ندیم نے سرکاری وسائل سے نہیں اپنی محنت سے مقام بنایا۔ محنت کا یہ پیغام پاکستان کے ہر نوجوان کیلئے مشعل راہ ہے۔ نوجوان کرپٹ ایوانوں سے امیدیں وابستہ کرنے کی بجائے محنت اور جہد مسلسل کا راستہ اختیار کریں۔
تبصرہ