عوامی تحریک کے مرکزی صدر کابارشوں سے ہونے والے نقصانات پر اظہارافسوس
وفاقی و صوبائی حکومتیں متاثرین کی مالی مدد کریں: مرکزی صدر پی اے ٹی
لاہور (یکم اگست 2024) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے ملک کے مختلف حصوں میں طوفانی بارشوں کے نتیجے میں ہونے والی جانی و مالی نقصان پر افسوس اور لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا ہے۔
قاضی زاہد حسین نے جاں بحق ہونے والوں کیلئے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حالیہ بارشوں کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کا ازالہ کیا جائے اور متاثرین کو مالی مدد فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ بارشوں سے جن مکانات،فصلوں اور باغات کو نقصان پہنچا ان کے مالکان کو فوری مالی مدد دی جائے۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی و صوبائی حکومتیں زخمی ہونے والوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کریں۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی و صوبائی حکومتیں متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کریں کہ باشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے بند سڑکیں اور راستے کھولنے کا کام تیز تر کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ بارشوں سے ہونے والے نقصان کا فوری طور پر سروے کرایا جائے اور متاثرین کی بلا امتیاز مالی معاونت کی جائے۔
قاضی زاہد حسین نے کہاکہ مون سون کے دوران بارشوں، لینڈسلائیڈنگ اور اس طرح کے حادثات کے پیش نظر پیشگی حفاظتی انتظامات کئے جانے چاہئیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ خیبرپختونخواہ کے مختلف علاقوں میں موجود سیاحوں کو تحفظ اور سہولیات فراہم کی جائیں۔ قاضی زاہد حسین نے پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی، صوبائی صدور و کارکنان کو ہدایات جاری کیں کہ وہ جہاں بھی کوئی ایمرجنسی ہو وہ امدادی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیں۔
تبصرہ