حکومتی فیصلوں نے رزق حلال پر گزارہ ناممکن بنا دیا: عوامی تحریک لاہور
آئی ایم ایف کہتا ہے اشرافیہ ٹیکس دے حکومت بجلی پٹرول کی قیمتیں بڑھا دیتی ہے
چیف جسٹس بجلی بلوں کے نام پر بھتہ وصولی بند کروائیں، ثاقب بھٹی صدر لاہور
لاہور (21 جولائی 2024) پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر ثاقب بھٹی نے کہا ہے کہ حکومت کے بجلی گیس پر ظالمانہ ٹیکسز کی وصولی کی وجہ سے اکثریتی ملکی آبادی کے لیے رزق حلال پر گزارا کرنا ناممکن ہو گیا ہے، حکومتی فیصلوں کی وجہ سے روز بروز غربت بڑھ رہی ہے مزدور خاندان اپنی مہینہ بھر کی کمائی سے بجلی کا بل بھی ادا کرنے کے قابل نہیں رہے، وہ کھلے آسمان تلے موسم گرما گزار رہے ہیں، بجلی کے بلوں نے غریب کو بے گھر کر دیا ہے، خوف ناک مہنگائی کی وجہ سے رشوت ستانی، چور بازاری، سٹریٹ کرائم میں ہوشربا اضافہ ہو چکا ہے، صورت حال ایسے ہی جاری رہی تو عوام کا غم و غصہ آتش فشاں کی طرح پھٹے گا، اسمبلیاں عوام کے مسائل سے لاتعلق ہیں،حکومت کی توجہ عوامی مسائل حل کرنے کی بجائے سیاسی مخالفین کو نشان عبرت بنانے پر مرکوز ہے، طاقت ور طبقات غریب خاندانوں کی آہ و بقا پر کان بند کیے ہوئے ہیں،آئی ایم ایف سے قرضے لینے کے لیے وہ ٹیکس بھی لگا دیے جاتے ہیں جن کا عالمی مالیاتی ادارے مطالبہ بھی نہیں کرتے، آئی ایم ایف کہتا ہے کہ اشرافیہ ٹیکس دے حکومت غیر ترقیاتی اخراجات کم کرے مگر اشرافیہ کی تان بجلی پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ پر ٹوٹتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حالات اس وقت تک ٹھیک نہیں ہونگے جب تک اقتدار کے ایوانوں میں بیرون ملک کاروبار اور جائیدادیں رکھنے والے مسلط ہیں، چیف جسٹس آف سپریم کورٹ سے درخواست ہے کہ وہ بجلی کے بلوں کے ذریعے بھتہ خوری بند کروائیں۔
تبصرہ