بجلی کے گھریلو صارفین کو ٹیکس فری بل بھجوائے جائیں: خرم نواز گنڈاپور
3 سو فری یونٹ دینے کے اعلان کرنے والے کہاں ہیں؟
بل دینے کے بعد غریب خاندانوں کے پاس کھانے کو کچھ نہیں بچتا
حکومت آئی ایم ایف کی سہولت کار بننے کی بجائے عوام کی غم خوار بنے
لاہور (9 جولائی 2024ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ بجلی کے 3 سو فری یونٹ دینے کے اعلان کرنے والے کہاں ہیں؟ انتخابی مہم کے دوران جس جس نے یہ وعدہ کیا تھا وہ سب کے سب اقتدار میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ بجلی کے گھریلو صارفین کو ٹیکس فری بل بھجوائے جائیں۔ بل ادا کرنے کے بعد غریب خاندانوں کے پاس کھانے کو کچھ نہیں بچتا۔ بجلی کے ظالمانہ بلوں نے مڈل کلاس کو بھی خط غربت سے نیچے کھینچ لیا ہے۔ وزیراعظم اور کابینہ کا تعلق اگر عوام سے ہوتا تو وہ بجلی کی قیمتوں میں کبھی اضافہ نہ ہونے دیتے حکومت آئی ایم ایف کی سہولت کار بننے کی بجائے عوام کی غم خوار بنے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کے بلوں نے آدھی قوم کو ذہنی اور نفسیاتی مریض بنا دیا ہے۔ لوگوں کے پاس اپنے بچوں کو سکولوں میں پڑھانے کے لئے فیسیں ادا کرنے اور دیگر تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کی سکت بھی ختم ہو گئی ہے۔ والدین اپنے بچوں کو سکول بھیجنے کی بجائے ورکشاپوں، ہوٹلوں میں کام کرنے کیلئے بھیجنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران خدا کا خوف کریں۔ پچھلے 6 ماہ کے دوران بجلی کے بلوں میں ہونے والے تمام اضافے واپس لئے جائیں۔ ایسٹ انڈیا کمپنی کے غاصبوں نے اس خطہ کے عوام کو اتنا نہیں لوٹا تھا جتنا یہ آئی پی پیز کمپنیاں لوٹ رہی ہیں۔ کروڑوں شہری جاں بہ لب ہیں اعلیٰ عدلیہ اس ظلم پر سوموٹو نوٹس کیوں نہیں لیتی؟
انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں بجلی کے فی یونٹ کی قیمت میں صرف ایک روپیہ اضافہ کرنے کا کس کو کتنا فائدہ پہنچتا ہے۔؟ حکمران خدا کا خوف کریں۔ مخلوق خدا کو سانس لینے دیں۔ مجبور مائیں بچوں سمیت خودکشیاں کررہی ہیں۔
تبصرہ