فراڈ ترقیاتی منصوبے، وفاقی وزیر کے انکشاف کی تحقیقات کی جائیں: خرم نواز گنڈاپور
قومی خزانہ لوٹنے والا مافیا بے نقاب ہونا چاہیے، سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک
لاہور(5 جولائی 2024ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر برائے صنعت و تجارت جام کمال کے فراڈ ترقیاتی منصوبوں سے متعلق انکشاف کی تحقیقات کی جائیں۔ انکشاف حکومت کی معاشی دہشت گردی کا کھلا ثبوت ہے۔ قومی خزانہ لوٹنے والا مافیا بے نقاب ہونا چاہیے۔
وفاقی وزیر نے دعویٰ کیا ہے کہ 20 فیصد ترقیاتی منصوبے مافیا منظور کرواتا ہے اور یہ گمنام فراڈ منصوبے دور دراز کے علاقوں میں منظور کروائے جاتے ہیں۔ ترقیاتی بجٹ کا 20 فیصد اربوں روپے بنتے ہیں۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ وفاقی وزیر کے اس انکشاف پر تحقیقات کروائی جائیں اور قوم کو بتایا جائے وہ کون لوگ ہیں جو ہر سال قوم کے خون پسینے کے ٹیکسوں کی کمائی فراڈ منصوبوں کے نام پر ہڑپ کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حیرت ہے کہ وفاقی وزیر نے اس انکشاف پر قومی اسمبلی میں کسی قسم کی کوئی بات نہیں کی؟ انہوں نے کہا کہ ایک طرف چھابڑی فروش، دوکاندار، مزدور، کلرک، کسان بجلی کے بلوں سے عاجز آئے ہوئے ہیں اور ظالمانہ بل ادا کرنے کے بعد ان کے پاس کھانے کو کچھ نہیں بچتا اور حکومت آئی ایم ایف سے قرضہ لینے کے لئے ایڑھیاں رگڑتی اور عوام کی لکیریں نکلوا رہی ہے اور دوسری طرف بقول وفاقی وزیر 20 فیصد جعلی اور فراڈ منصوبے منظور کروا کر قومی خزانے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا جارہا ہے۔
تبصرہ