آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ظلم ہے: میاں ریحان مقبول
حکمران عوام کو ریلیف کی بجائے تکلیف دینے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں
بجٹ سے عوام کوایک دھیلے کا ریلیف ملتا دکھائی نہیں دیا: صدرسنٹرل پنجاب
لاہور(29 جون 2024ء) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر میاں ریحان مقبول نے کہا ہے کہ بجٹ میں بھرپور ریلیف دینے کے دعوؤں کے باوجود عام اشیا سمیت کسی بھی چیز پر ایک دھیلے کا ریلیف ملتا دکھائی نہیں دیا۔ کھانے پینے کی چیزوں پر بھاری ٹیکس عائد کر کے ان کی قیمتیں آسمان پر پہنچا دی گئی ہیں۔ آٹے کی قیمت میں فی تھیلہ 200روپے تک کا اضافہ کر دیا گیا ہے جو عوام کو سستی روٹی سستے آٹے کی فراہمی کے دعوے کرنے والوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ ایک بار پھر بجلی کے فی یونٹ 3.41روپے اضافہ نے نہ صرف حکومتی دعوؤں کی قلعی کھول دی ہے بلکہ غریب عوام کی امیدوں پر بھی پانی پھیر دیا ہے۔
میاں ریحان مقبول نے آٹے کی قیمت میں بلاجواز بے انتہا اضافے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ضروریات زندگی کی قیمتوں میں پہلے ہی کئی گنا اضافہ سے غریب لوگوں کا جینا دوبھر ہو چکا ہے۔عوام اپنے جسم و جان کا رشتہ برقرار رکھنے کیلئے پریشان ہے۔ خوراک کے اہم جزو آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ظلم ہے غریب آدمی کیلئے روٹی کا حصول مشکل ترین بن چکا ہے۔ حکمران عوام کو ریلیف دینے کی بجائے تکلیف دینے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔
تبصرہ