دہشتگردی کیخلاف جنگ جیتنے کیلئے عوامی حمایت ناگزیر ہے: خرم نواز گنڈاپور
پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلا کر مجوزہ آپریشن کے بارے قومی اتفاق رائے پیدا کیا جائے
لاہور (26 جون 2024ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتنے کے لئے عوامی حمایت ناگزیر ہے۔ مجوزہ آپریشن کے حوالے سے مختلف سیاسی جماعتوں کے مختلف اظہار خیال سے گومگوں کی کیفیت ہے۔ اس امر میں کوئی شبہ نہیں ہے کہ قیمتی جانیں دہشت گردی کی نظر ہورہی ہیں، دہشت گردی کی وجہ سے ترقی کا سفر رکا ہوا ہے۔ لاء اینڈ آرڈر کے مسائل تشویشناک ہیں، دہشت گردانہ واقعات میں فورسز کے افسران، جوانوں سمیت عام لوگ مارے جارہے ہیں جو افسوسناک ہے۔ دہشت گردی ایک ناخوشگوار حقیقت ہے اس سے نمٹنے سے صرف نظر نہیں کیا جاسکتا لیکن فیصلہ کن نتائج کے لئے اداروں اور قوم کا یکسو ہونا بھی ضروری ہے۔ گزشتہ روز انہوں نے کارکنان کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلا کر مجوزہ آپریشن کے بارے میں قومی اتفاق رائے پیدا کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے دہشت گردی کے سدباب کے لئے 600 صفحات کا مبسوط فتویٰ جاری کیا۔ دہشت گرد کہاں کہاں سے فکری سپورٹ لیتے ہیں اور اس حوالے سے قرآن و سنت کی کیا تعلیمات ہیں بڑی تفصیل کے ساتھ اس فتویٰ میں معلومات دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نائن الیون کے بعد سے مسلسل پاکستان حالت جنگ میں ہے۔ لاکھوں لوگ مارے جا چکے، اربوں ڈالر کا معاشی نقصان بھی ہو چکا لیکن تمام تر اقدامات کے باوجود پاکستان کی سرزمین دائمی امن سے محروم ہے۔ اس کا سدباب ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سے قبل متعدد آپریشن ہوئے اور قوم کو یہ نویددی گئی کہ کامیاب آپریشن کے بعد دہشت گردی جڑ سے ختم ہو گئی ہے مگر ایک آپریشن کے بعد مزید آپریشن کرنے کی ضرورت محسوس کی گئی جس کا مطلب ہے پہلے آپریشن نتائج کے اعتبار سے تسلی بخش نہیں تھے اس پر بھی بات ہونی چاہیے۔
تبصرہ