شہدائے ماڈل ٹاؤن کی 10 ویں برسی 14 جون کو منائی جائے گی
شہر شہر قرآن خوانی و دعائیہ تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا
شہید کارکنوں کے انصاف کیلئے 10 سال سے قانونی جنگ لڑ رہے ہیں: خرم نواز گنڈاپور
لاہور (12 جون 2024) سانحہ ماڈل ٹاؤن کے10 سال مکمل ہونے پر 14جون جمعۃ المبارک کو شہدائے ماڈل ٹاؤن کی برسی منائی جائے گی۔ تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام لاہور سمیت ملک بھر میں 300 سے زائد مقامات پر شہداء ماڈل ٹاؤن کیلئے قرآن خوانی و دعائیہ تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا۔ بیرون ممالک کی تنظیمات شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ایصال ثواب کیلئے خصوصی محافل کا اہتمام کریں گی۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی خصوصی ہدایات پر 14جون (جمعۃ المبارک) کو تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی، صوبائی و ضلعی رہنما شہدائے ماڈل ٹاؤن اور شہدائے انقلاب مارچ کی قبروں پر حاضری دیں گے۔ شہدا کی یادگار اور قبروں پرپھولوں کی چادریں چڑھائیں گے اور فاتحہ خوانی کریں گے۔
سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ شہید کارکنوں کے انصاف کیلئے 10 سال سے قانونی جنگ لڑ رہے ہیں۔ یہ کیسا نظام انصاف ہے جو اجتماعی قتال جیسے خوفناک سانحہ پر بھی انصاف دینے سے عاجز ہے؟۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کا خون قرض ہے زندگی کی آخری سانس تک انصاف کے حصول کیلئے جدوجہد کرتے رہیں گے۔ خواتین کے چہروں پر گولیاں برسا کر انہیں شہید کر کے بزدلی کی شرمناک تاریخ رقم کی گئی۔
تبصرہ