قومی ہیروز کے معاملے پر تعصب کم ظرفی ہے:میاں ریحان مقبول
اشتہارات میں ڈاکٹر عبد القدیر خان کی تصویر نہ ہونے پر افسوس ہوا
ڈاکٹر عبد القدیر کے درجات کی بلندی کیلئے دعا گو ہیں:صدر سنٹرل پنجاب پی اے ٹی
لاہور(28 مئی 2024) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر میاں ریحان مقبول نے کہا ہے کہ پاکستان کا ایٹمی قوت بننا معجزہ ہے، بلا شبہ اگر آج پاکستان بچا ہوا ہے تو ایٹم کی وجہ سے۔ انہوں نے کہا کہ 28 مئی کے تناظر میں حکومت پاکستان کی طرف سے جاری کردہ اشتہارات میں ایٹم بم بنانے والی شخصیت و محسن پاکستان ڈاکٹر عبد القدیر خان کی تصویر نہ ہونے پر افسوس ہوا۔ قومی ہیروز کے معاملے پر تعصب اور تنگ نظری کم ظرفی ہے۔
ڈاکٹر عبد القدیر خان ہی وہ واحد ہستی ہیں جنہوں نے دن رات ایک کر کے اسلام کے نام پر حاصل ہونے والے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔انہوں نے کہاکہ ہماری ملکی تاریخ کا یہ خونچکاں باب ہے کہ جس نے ایٹم بم بنایا وہ حکومتی شخصیات کی بے وفائی کا رونا روتے ہوئے اس جہان فانی رخصت ہوا۔ آخر وہ کون سے حالات تھے جنہوں نے عمر رسیدہ محسن پاکستان کو اذیت میں مبتلا رکھا؟۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے والے ڈاکٹر عبد القدیر کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کرتے ہیں۔
تبصرہ