عوامی تحریک کی جدوجہد آئین و قانون کی بالادستی کیلئے ہے: خرم نواز گنڈاپور
عوامی تحریک پسماندہ اور غریب آبادی کی نمائندہ جماعت ہے
پاکستان عوامی تحریک کا 35 واں یوم تاسیس 25 مئی کومنایا جائے گا: سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
لاہور(23 مئی 2024) سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک وہ واحد سیاسی جماعت ہے جو اقتدار کیلئے نہیں بلکہ عوام کی خوشحالی، آئین و قانون کی بالادستی کیلئے جدوجہد کر رہی ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے 35سال قبل ایک ایسی سیاسی جماعت کی بنیاد رکھی تھی جس کا منشور ہر قسم کے ظلم و استحصال سے پاک جدید فلاحی، اسلامی معاشرے کے قیام کی راہ ہموار کرنے کیلئے تھا۔
اپنے قیام سے لے کر آج کے دن پاکستان عوامی تحریک نے نظام کی تبدیلی، عوامی شعور کی بیداری، انسانی حقوق کے تحفظ، معاشی و سیاسی بحرانوں کے حل اور رفاہ عامہ پر بھر پور توجہ دی ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کا 35 واں یوم تاسیس 25 مئی کومنایا جائے گا۔ ملک بھر میں تنظیمات کیک کاٹیں گی اور پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی، صوبائی، ضلعی دفاتر میں قومی و پارٹی پرچم لہرائے جائیں گے۔ 25 مئی کو مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں 35ویں یوم تاسیس کی مناسبت سے تقریب منعقد کی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں پاکستان عوامی تحریک کے 35 ویں یوم تاسیس کی تیاریوں و انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک پاکستان کی پسماندہ اور غریب آبادی کی نمائندہ اور محبوب جماعت ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے پاکستان کی غریب اور مڈل کلاس کی بہتری کیلئے اپنی تمام صلاحیتیں وقف کیں اور ہر موقع پر ان کی آواز بنے۔
اجلاس میں پاکستان عوامی تحریک کے نائب صدر راجہ زاہد محمود، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی، عارف چوہدری، ڈپٹی سیکرٹری کوآرڈینیشن سردار عمر دراز خان، ثاقب بھٹی، مخدوم گلزارحسین شاہ و دیگر رہنما موجود تھے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبائی و ضلعی تنظیمات بھی 25 مئی کو یوم تاسیس کے موقع پر تقاریب کا انعقاد کریں گی،ان تقاریب میں پاکستان عوامی تحریک کی 35 سالہ سیاسی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔ یوم تاسیس کی تقاریب میں ملکی سلامتی و خوشحالی کیلئے دعائیں کی جائیں گی۔
تبصرہ