ینگ ٹریڈرز گروپ کے وفد کی خرم نواز گنڈپور سے ملاقات
معیشت کی ترقی کیلئے بجلی،گیس، پٹرول کی قیمتوں میں کمی کرنا ہو گی: خرم نواز گنڈاپور
تاجروں کوسہولیات فراہم کر کے ہی معیشت کو سنبھالا دیا جا سکتا ہے: الطاف رندھاوا
ملاقات میں نوید بٹ، رانا منظور احمد خان نعمان افضل،عمیر شبیر، عقیل احمد رانا و دیگر موجود تھے
لاہور (19 مئی 2024) ینگ ٹریڈرز گروپ کے صدر نعمان افضل کی قیادت میں نوجوان تاجر رہنماؤں کی مرکزی سیکرٹریٹ میں سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور سے ملاقا ت۔
عوامی تاجر اتحاد کے مرکزی کوآرڈینیٹر الطاف حسین رندھاوا و دیگر رہنماؤں نے نوجوان تاجر رہنماؤں کو مرکزی سیکرٹریٹ آمد پر خوش آمدید کہا، ینگ ٹریڈرز گروپ کے رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ معیشت کی ترقی کیلئے بجلی، گیس، پٹرول کی قیمتوں میں کمی کرنا ہو گی۔ زرمبادلہ کے ذخائر بڑھانے کا واحد طریقہ درآمدات میں اضافہ ہے۔ بجلی،گیس اور پٹرول کی فراہمی لوگوں کی قوت خرید کے مطابق لانا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کی بحالی میں نوجوانوں کو اہم کردار ادا کرنا ہے تاکہ ملکی معیشت کو بہتری کی جانب لایا جا سکے۔ انہوں نے کہاکہ جدید ٹیکنالوجی کو آگے بڑھانے اور ملک کی مجموعی اقتصادی ترقی کو فروغ دینے میں نوجوانوں کا کلیدی کردار ہو سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جدت، سرمایہ کاری اور مجموعی معیشت میں نوجوانوں کی فعال شمولیت ترقی کو آگے بڑھانے کیلئے اہم ہے۔ نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو پہچاننا اور اس سے فائدہ اٹھانا ایک خوشحال اور پائیدار مستقبل کی کلید ہے۔
الطاف حسین رندھاوا نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تاجروں کی فلاح و بہبود کیلئے مرکزی کردار ادا کریں گے۔ تاجر ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، انہیں سہولیات فراہم کر کے ہی معیشت کو سنبھالا دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ تاجروں کی خوشحالی اور ملکی صنعتوں کو فروغ دینے کیلئے بجلی،گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں کمی کرنا ہو گی۔ ملاقات میں ینگ ٹریڈرز گروپ کے صدر نعمان افضل، عمیر شبیر، عقیل احمد رانا، رانا منظور احمد خان، حمزہ طاہر، سلمان خالد، علی رضا، حسن محبوب، سلمان صالح، شوال احمد شامی، عبد الرحمان، عبد اللہ رندھاوا، جنید وحید، سنان احمد، رانا شعیب، و دیگر شامل تھے۔ ملاقات میں عوامی تاجر اتحاد لاہور کے صدر نوید بٹ بھی موجود تھے۔
تبصرہ