وزیراعظم کے حکم کے باوجود کسانوں سے گندم نہیں خریدی جارہی: عوامی تحریک
ادویات غائب اور مہنگی کر کے مریضوں کو موت کے منہ میں دھکیلا جارہا ہے، صوبائی صدور کا مشترکہ بیان
لاہور(28 اپریل 2024) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر میاں ریحان مقبول، شمالی پنجاب کے صدر قاضی شفیق اور جنوبی پنجاب کے قائم مقام صدر قمر عباس دھول نے مشترکہ بیان میں مطالبہ کیا ہے کہ کسانوں سے سرکاری نرخوں پر گندم خریدی جائے، وزیراعظم کے حکم کے باوجود گندم نہیں خریدی جارہی اور نہ ہی کسانوں میں باردانہ تقسیم کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے کسانوں کے ساتھ اتنی زیادتیاں نہیں ہوئیں جتنی اب ہورہی ہیں۔ اسمبلیاں کسانوں کے نمائندوں سے بھری ہوئی ہیں مگر اس کے باوجود سب سے زیادہ ظلم بھی کسانوں کے ساتھ ہورہا ہے۔ کسانوں سے گندم نہ خرید کر ان کا معاشی قتل کیا جارہا ہے جس کے انتہائی مضر نتائج برآمد ہوں گے۔
سنٹرل پنجاب کے صدر میاں ریحان مقبول نے مارکیٹ سے ادویات کے غائب اور مہنگی ہونے کے معاملے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس حرکت سے مریضوں کو موت کے منہ میں دھکیلا جارہا ہے۔ حکومت میڈیسن مافیا کے سامنے بے بس نظر آتی ہے۔ میڈیسن مافیا جب چاہتا ہے ادویات غائب کر دیتا ہے یا من مانی قیمتیں وصول کرتا ہے۔ غریب مریضوں کے مفادات کا تحفظ کرنے والا کوئی نظر نہیں آرہا۔ ہم چیف جسٹس سپریم کورٹ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ مفاد عامہ کے اس اہم مسئلہ پر سوموٹو ایکشن لیں اور حکومت سے پوچھیں کہ ادویات مارکیٹ سے کیوں غائب ہیں اور قیمتوں میں اضافہ کس کی اجازت سے کیا جارہا ہے؟
تبصرہ