حصول انصاف کیلئے عدالتوں کی بھر پور معاونت کر رہے ہیں: نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ
سانحہ ماڈل ٹاؤن جے آئی ٹی کی بحالی سانحہ کے انصاف کیلئے ضروری ہے: لیگل ترجمان
انسداد دہشت گردی عدالت میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کی مزید سماعت 3 مئی کو ہو گی
لاہور (26اپریل 2024) سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی عدالت لاہور میں ہوئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کے لیگل ترجمان نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ 10 سال کا عرصہ گزر جانے کے باوجود بھی سانحہ ماڈل ٹاؤن کے متاثرین انصاف سے محروم ہیں۔ انسداد دہشتگردی عدالت سے لے کر سپریم کورٹ آف پاکستان تک حصول انصاف کیلئے مسلسل قانونی چارہ جوئی کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم انتظار میں ہیں لاہور ہائیکورٹ سانحہ ماڈل ٹاؤن جے آئی ٹی کیس کا جلد فیصلہ سنائے تاکہ انصاف کے حصول کا عمل آگے بڑھ سکے۔ غیر جانبدار تفتیش سے ہی انصاف کا عمل آگے بڑھے گا۔
نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ نے کہاکہ حصول انصاف کیلئے معزز عدالتوں کی بھر پور معاونت کر رہے ہیں، ہم پر امید ہیں کہ ہمیں انصاف ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ ہی ہماری امیدوں کا مرکز ہے۔ جب کوئی طاقتور کمزور پر ظلم ڈھاتا ہے تو عدلیہ ہی انصاف فراہم کرتی اور ظالم کا ہاتھ روکتی ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن جے آئی ٹی کی بحالی سانحہ کے انصاف کیلئے بہت ضروری ہے۔ نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ نے کہا کہ انسداد دہشت گردی عدالت میں مزید سماعت 3مئی کو ہو گی۔
تبصرہ