گندم کے کاشتکار کے ساتھ ظلم بند کیا جائے: خرم نواز گنڈاپور
گندم کسان کے پاس ہو تو مٹی مڈل مین کے پاس آتے ہی سونا بن جاتی ہے
گندم اگانے والا کسان اور کھانے والا عام آدمی دونوں رو رہے ہیں
لاہور(25 اپریل 2024)پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ گندم کے کاشتکار کے ساتھ ظلم بند کیا جائے۔ گندم کاشتکار رو رہا ہے اور کوئی آنسو پونچھنے والا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ گندم جب کسان کے پاس ہوتی ہے تو وہ مٹی ہوتی ہے جیسے ہی انویسٹر اور مڈل مین کے پاس آجاتی ہے تو سونا بن جاتی ہے۔ گندم اگانے والا کسان اور کھانے والا عام آدمی دونوں رو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بتایا جارہا ہے کہ نئی فصل کی آمد پر مافیا نے گندم باہر سے منگولی ہے اور اب مقامی گندم خریدنے کے حوالے سے لیت و لعل سے کام لیا جارہا ہے۔ اس کی تحقیق ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلیاں کسانوں کے ساتھ ہونے والے ظلم پر بات کیوں نہیں کررہیں؟ مافیا اور حکمران طبقہ چاہتا ہے کہ پٹرول کی طرح گندم بھی امپورٹ ہوتی رہے تاکہ ان کی لمبی دہاڑیاں لگتی رہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے ساتھ ہونے والے ظلم کا چیف جسٹس نوٹس لیں اور حکومت سے پوچھا جائے کہ کسانوں کو باردانہ کیوں نہیں مل رہا؟
تبصرہ