بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ظلم ہے: میاں ریحان مقبول
آٹا، چینی، دالوں اور گھی کی قیمت عام آدمی کی پہنچ سے دور ہے
عوام مہنگائی، بد امنی اور بے روزگاری سے تنگ ہیں: صدر سنٹرل پنجاب پی اے ٹی
لاہور(17 اپریل 2024) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر میاں ریحان مقبول نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے سے مہنگائی کی شرح میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ مختلف مدوں میں بجلی اور گیس کے ٹیرف میں بار بار کے اضافے کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے سے مہنگائی کی چکی میں پسے ہوئے طبقات زندہ درگور ہو رہے ہیں۔ بے پناہ مہنگائی کی وجہ سے عوام کی قوت خرید پہلے ہی جواب دے چکی ہے، یہی وجہ ہے کہ امسال عید الفطر پر بھی خریداری کے رجحان میں کمی دیکھنے میں آئی۔
انہوں نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں 2سو فی صد اضافہ کیا گیا جبکہ اسی طرح بجلی کے نرخ بھی تسلسل کے ساتھ بڑھائے گئے ہیں۔ ہوشرباء مہنگائی کی وجہ سے عوام کی نبض ڈوبنا شروع ہو گئی ہے۔ پٹرولیم کی قیمتیں بڑھا کر عوام پر مزید بوجھ لاد دیا گیا ہے جس سے ان کیلئے دو وقت کی روٹی کو پورا کرنا مشکل ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی، گیس اور پٹرولیم کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ظلم ہے۔آٹا، چینی، دالوں اور گھی کی قیمت عام آدمی کی پہنچ سے دور ہے۔ بھوک سے تنگ لوگ خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔ پڑھے لکھے نوجوان ڈگریاں اٹھائے مزدوری کی تلاش میں چوکوں چوراہوں پر بیٹھے نظر آتے ہیں۔ لوگ، مہنگائی، بد امنی اور بے روزگاری سے تنگ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نمائشی و کاغذی منصوبوں کی بجائے عوام کو عملاً ریلیف دینے کے منصوبوں پر عملدرآمد کیا جائے۔ ہسپتالوں کی حالت زار کو بہتر بنایا جائے۔ عوام کی ضرورت ائیر ایمبولینس نہیں بلکہ گندم کی سستی روٹی ہے۔ عوام کے صبر کا مزیدامتحان نہ لیا جائے۔ عوام کی حالت روز بروز ابتر سے ابتر ہوتی جا رہی ہے۔ امن و امان کا مسئلہ ہو یا مہنگائی کا، بجلی، گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ غربت ہے جس سے دیگر کئی مسائل جنم لے رہے ہیں۔کرائم، جہالت، معاشرتی و اقتصادی پسماندگی ان سب کی جڑ غربت ہی ہے۔ غربت پر قابو پائے بغیر ترقی کی راہ پر گامزن ہونا نا ممکن ہے۔
تبصرہ