بھوکے کی ضرورت پیزا نہیں گندم کی سستی روٹی ہے: خرم نواز گنڈاپور
ہسپتالوں کی حالت بہتر بنانا ائیر ایمبولینس سے زیادہ ضروری ہے: سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک
لاہور(15 اپریل 2024) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ بھوکے کی ضرورت پیزا نہیں گندم کی سستی روٹی ہے۔ ائیر ایمبو لینس کے نمائشی منصوبے سے زیادہ اہم ہسپتالوں کی حالت بہتر بنانا ہے۔ سرکاری ہسپتالوں میں ایک ایک بیڈ پر ایک سے زائد مریض لیٹے نظر آتے ہیں۔ ہسپتالوں میں گندگی کا یہ عالم ہے کہ بیمار مزید بیماریاں لے کر نکلتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی وسائل کا جائز استعمال ہی اصل گڈ گورننس ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوسائٹی میں عدم برداشت بڑھ گیاہے۔ عام آدمی سرکاری اہلکاروں سے خوفزدہ ہیں۔ ائرپورٹ پر بچی اور ریلوے اہلکار کا خاتون پر تشدد شرمناک واقعات ہیں۔پچھلے دو سال میں چادراورچار دیواری کے واقعات رونما ہوئے ہیں۔ دنیا کے ہر مہذب اور ترقی یافتہ ملک میں حکمرانوں سے لے کر عام شہری تک قانون کی پابندی اور اس کی پاسداری کو اپنے لئے ناگزیر سمجھتا ہے۔ معاشرے کی بنیاد جن ستونوں پر ہوتی ہے ان میں اخلاقیات، برداشت، رواداری اور محبت شامل ہیں۔کسی بھی مہذب معاشرے میں چادر اور چاردیواری کے تقدس کو پامال کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ پاکستان میں عملاً جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون نافذ ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں عوامی لائرز فورم کے وکلاء رہنماؤں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرعوامی لائرز فورم کے مرکزی صدر نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری راشد چوہدری ایڈووکیٹ، آصف سلہریا ایڈووکیٹ، سردار غضنفر حسین ایڈووکیٹ، ناصر اقبال ایڈووکیٹ و دیگر رہنما شامل تھے۔
تبصرہ