مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں میں ہے: قاضی زاہد حسین
تاریخ گواہ کوئی طاقتور کسی قوم کو ہمیشہ غلام نہیں بنا سکا: مرکزی صدر پاکستان عوامی تحریک کشمیر کی ماؤں، بہنوں کی دعائیں اور جوانوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی، بیان
لاہور (4 فروری 2024ء)پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کہا ہے کہ کشمیر کی آزادی کی جدوجہد ایک تسلیم شدہ عالمی حقیقت ہے۔ تاریخ گواہ کوئی طاقتور کسی قوم کو ہمیشہ غلام نہیں بنا سکا۔ کشمیر کی ماؤں، بہنوں کی دعائیں اور جوانوں کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی اور آزادی کا سورج طلوع ہو کررہے گا۔ بھارت اپنی علاقائی اور بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرے۔ بندوق کی نوک پر زمینی و قانونی حقائق کو نہیں بدلا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ اہل کشمیر کی قربانیاں عالمی طاقتوں کی توجہ کی طالب ہیں۔ امن کے لئے متنازع مسائل حل نہ کئے گئے تو جنگ کی چنگاریاں بھڑکتی رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اہل کشمیر کی قانونی جدوجہد کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ پاکستان کے عوام امن پسند ہیں، امن کے لئے ان کی قربانیاں لازوال ہیں اور وہ اپنے تمام ہمسایوں کے ساتھ پرامن طریقے سے رہنا چاہتے ہیں۔ ہمسائے بھی اپنی علاقائی اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کا احساس اور زمینی حقائق کا ادراک کریں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں میں ہے۔
تبصرہ