عوام 8 فروری کو موٹر سائیکل کے انتخابی نشان پر مہر لگائیں: سردار عمر دراز
عوامی تحریک آنے والی نسلوں کے بہترین مستقبل کیلئے کوشاں ہیں عوامی تحریک کی سیاست لوگوں کی خدمت کے لئے ہے: ڈپٹی سیکرٹری کوآرڈینیشن پی اے ٹی
لاہور (6 فروری 2024) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری کوآرڈینیشن سردار عمر دراز نے کہا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک ایک جمہوری عوامی سیاسی جماعت ہے۔ ہماری سیاست عوام کی خدمت کیلئے ہے جو لوگ خدمت خلق کے جذبے سے سرشار ہو کر دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے مصروف عمل رہتے ہیں وہ حقیقتاً ملک و قوم کا اثاثہ ہیں۔ اللہ تعالیٰ بھی ان لوگوں کو پسند فرماتا ہے جو انسانیت کی بے لوث خدمت کرتے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک کی سیاست عوام کے حقوق اور لوگوں کی خدمت کے لئے ہے، خدمت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور این اے 125، پی پی 159، پی پی 165، پی پی 166 میں پاکستان عوامی تحریک کے امیدواروں کے انتخابی جلسوں اور کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرسردار عمر دراز خان نے پاکستان عوامی تحریک میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو خوش آمدید بھی کہا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان عوامی تحریک عوامی خدمت، شائستگی اور ملک و قوم کی ترقی کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔ ترقی و خوشحالی کے نئے دور کے آغاز کیلئے عوام 8 فروری کو موٹر سائیکل کے انتخابی نشان پر مہر لگائیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کا منشور قوم کو مایوسی اور اندھیروں سے نکال کر امید اور روشنیوں میں داخل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسائل سے دوچار عوام کی زندگیوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنا بہترین عبادت ہے جس کا اجر اللہ تعالیٰ دنیا و آخرت میں دونوں جہانوں میں عطا فرماتا ہے۔ 8 فروری کو ایسے لوگوں کو منتخب کریں جو ملکی معیشت کو مضبوط کریں۔ پاکستان عوامی تحریک آنے والی نسلوں کے بہترین مستقبل کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے منشور، عوامی خدمت، جہد مسلسل اور سیاست میں انسانیت کا احترام جیسے بلند افکار و نظریات کی بدولت آج لوگ پاکستان عوامی تحریک میں شامل ہو رہے ہیں۔
تبصرہ