قوم ووٹ کے ذریعے تبدیلی لائے: راجہ زاہد محمود
آزمائے ہوؤں کو بار بار آزمانا خود فریبی ہے: نائب صدر پی اے ٹی
شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا تھا یہ نظام انسانیت کا دشمن ہے
نظام کی وجہ سے ہر طرف مایوسی،غصہ اور عدم برداشت ہے، انتخابی جلسوں کارنر میٹنگز سے خطاب
لاہور(31 جنوری 2024) پاکستان عوامی تحریک کے نائب صدر راجہ زاہد محمود نے کہا ہے کہ قوم ووٹ کے ذریعے تبدیلی لائے۔ آزمائے ہوؤں کو بار بار آزمانا خود فریبی ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا تھا یہ نظام انسانیت کا دشمن ہے۔ نظام کی وجہ سے ہر طرف مایوسی، غصہ اور عدم برداشت ہے۔ بھوک، غربت، مایوسی اور مہنگائی مسلط کرنے والوں سے نجات حاصل کرنا ہو گی۔ پاکستان عوامی تحریک امید کی کرن ہے۔ وڈیروں، جاگیرداروں نے ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور ملک کی تعمیر و ترقی کا منشور رکھنے والی جماعت ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف انتخابی جلسوں اور کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تین کروڑ بچے تعلیم سے دور ہیں۔ زرعی زمینیں ہونے کے باوجود ہمارے کسان بھوکے سو رہے ہیں۔ سونے، چاندی اور تانبے کے ذخائر ہونے کے باوجود ہم ترقی یافتہ ہونے کی بجائے ترقی پذیر ہیں۔
راجہ زاہد محمود نے کہا کہ مفاد پرست کرپٹ سیاستدانوں نے ملک کی معیشت کو تباہ کر کے اپنی معاشی زندگی کو بہتر بنایا ہے۔ 8 فروری کو عوام پاکستان عوامی تحریک کے امیدواروں کو منتخب کریں۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ فرسودہ نظام اور وی آئی پی کلچر سے خلاصی حاصل کئے بغیر ترقی ناممکن ہے۔ 8 فروری کو عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے ان پارٹیوں اور سیاستدانوں کا احتساب کریں جنہوں نے امن اور ملکی معیشت کو تباہ و برباد کیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں حقیقی خوشحالی، ترقی اور اہل قیادت کے انتخاب کیلئے پاکستان عوامی تحریک کے نمائندوں کا ساتھ دیں۔ عوام ووٹ کی طاقت سے اچھے اور برے کی تمیز کر سکتے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک سیاست کو عبادت سمجھ کو عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ عوامی تحریک کا منشور ہی عوام کے بنیادی مسائل کو حل کرنا ہے۔
تبصرہ