چودھری سرور اور پی پی راہ نما شہلا رضا کی خرم نواز گنڈاپور سے ملاقات
قانون کی حکمرانی سے ماڈل ٹاؤن جیسے سانحات کا راستہ رکے گا، سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
این اے 127 میں حمایت پر پاکستان عوامی تحریک کے شکر گزار ہیں، شہلا رضا
ہمیشہ آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے لئے جدوجہد کی، چودھری سرورکی گفتگو
لاہور (18 جنوری 2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی راہنما سابق ڈپٹی سپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا اور جنرل سیکرٹری لاہور سونیا خان نے سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ سابق گورنر پنجاب چودھری سرور نے بھی خرم نواز گنڈاپور اور عوامی تحریک کے مرکزی راہ نماؤں سے ملاقات کی۔
ملاقات میں مرکزی نائب صدر راجہ زاہد محمود، سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، رانا نفیس حسین قادری، میاں انصر و دیگر راہ نما موجود تھے۔ ملاقات میں حلقہ این اے 127 اور ملکی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی سے ہی سانحہ ماڈل ٹاؤن جیسے واقعات کا راستہ روکا جا سکتا ہے۔ عدلیہ کمزور کا سہارا اور انصاف کی آخری امید ہے۔ 9 سال گزر جانے کے بعد بھی سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مقتولین کے ورثاء کو انصاف نہیں ملا۔ ہم پرامن لوگ ہیں اور مروجہ نظام انصاف سے ہی انصاف مانگ رہے ہیں۔ سینکڑوں پیشیاں بھگتنے کے بعد بھی انصاف کا پہیہ 9 سال پہلے جہاں رکا ہوا تھا آج بھی وہاں رکا ہوا ہے بلکہ ایک ایک کر کے نامزد ملزمان رہائی پارہے ہیں۔
چودھری سرور نے کہا کہ اس امر میں کوئی شبہ نہیں کہ جب لوگوں کو انصاف نہیں ملتا تو بے چینی اور انتشار جنم لیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ساری زندگی آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے لئے سیاسی جدوجہد کی ہے ان شاء اللہ پاکستان میں حقیقی جمہوریت قائم کرینگے اور عوام کے بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔
شہلا رضا نے این اے 127میں چیئرمین بلاول بھٹو کی حمایت پر پاکستان عوامی تحریک کے راہ نماؤں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ کمزور اور مظلوم کی آواز بنی ہے۔
تبصرہ