پاکستان عوامی تحریک لاہور کا ورکرز کنونشن، قومی و صوبائی حلقوں کے امیدواران کی شرکت
پٹرول سستا ہونے کے باوجود غریب کو ریلیف نہیں ملا: خرم نوازگنڈاپور
صدر پاکستان عوامی تحریک لاہور ثاقب بھٹی نے انتخابی تیاریوں کی رپورٹ پیش کی
راجہ زاہدمحمود، رانا محمد ادریس، عارف چوہدری، سردار عمر دراز،سید گلزار حسین شاہ کا کنونشن سے خطاب
لاہور (17 جنوری 2024) پاکستان عوامی تحریک لاہور کے زیراہتمام مرکزی سیکرٹریٹ میں لاہور سے قومی و صوبائی حلقوں سے الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواران کے اعزاز میں ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔ ورکرز کنونشن کی صدارت صدر پاکستان عوامی تحریک لاہور محمد ثاقب بھٹی نے کی۔
مہمان خصوصی سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی نے غریب کا جینا حرام کر دیا، پٹرول سستا ضرور ہوا مگر عوام کو کوئی ریلیف نہیں ملا، جب کہ پٹرول کی قیمت بڑھنے سے دودھ، دہی، دالیں، آلو، پیاز تک سب چیزیں مہنگی ہو جاتی ہیں۔ عوام کے مفادات کا تحفظ اور قانون کی حکمرانی قائم کرنے والی سرکاری مشینری غیر فعال ہو چکی ہے۔ ناجائز منافع خوروں کا جس قیمت پر دل ہوتا ہے بے دھڑک بیچتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ملک میں ادویات، اشیائے خورونوش کی قیمتیں عالمی کساد بازاری کے باوجود 10 سے 15 فیصد بڑھیں جب کہ پاکستان میں یہ شرح ڈیڑھ سو سے 2 سو فی صد ہے۔ یہ اس لئے ہیں کہ یہاں قانون کی حکمرانی نہیں ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ترجیحات میں عوام کے مفاد کا تحفظ شامل نہیں ہے۔
صدر پاکستان عوامی تحریک لاہور ثاقب بھٹی نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک خدمت خلق کے بیانیے کے ساتھ الیکشن میں حصہ لے رہی ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کے نزدیک سیاست خدمت اور عبادت کا نام ہے۔ ہماری جدوجہد مہنگائی اور مسائل کی دلدل میں دھنسے ہوئے غریب عوام کو ریلیف دلوانے کیلئے ہے۔ انہوں نے لاہور میں انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے رپورٹ پیش کی۔
ورکرز کنونشن سے نائب صدر پاکستان عوامی تحریک راجہ زاہد محمود، علامہ رانا محمد ادریس، سیکرٹری کوآرڈینیشن عارف چوہدری، ڈپٹی سیکرٹری کوآرڈینیشن سردار عمر دراز، رانا نفیس حسین قادری، سید گلزار حسین شاہ، احمد حسن نے بھی خطاب کیا۔
پاکستان عوامی تحریک کے امیدواران قومی و صوبائی اسمبلی انجینئر لطیف حسین، ملک مجاہد محمود لنگڑیال، شفاقت علی مغل، پروفیسر حبیبہ حنا، صدام حسین چوہدری،سردار عارف علی، ڈاکٹر خالد پرویز، سہیل احمد کمبوہ و دیگر نے بھی ورکرز کنونشن میں خصوصی شرکت کی۔
تبصرہ