پاکستان عوامی تحریک کا این اے 127 میں بلاول بھٹو کی حمایت کا اعلان
ملک کے دیگر حلقہ جات میں عوامی تحریک کے امیدوار اپنے نشان اور منشور پر الیکشن لڑ رہے ہیں
محترمہ شہید منہاج القرآن کی لائف ممبر تھیں آج بلاول بھٹو نے بھی لائف ممبر شپ حاصل کی
سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کو غیر جانبدار تفتیش کا حق اور انصاف ملنا چاہئے: بلاول بھٹو
لاہور (12جنوری 2024) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک نے این اے 127 میں امیدوار بلاول بھٹو کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ اعلان انہوں نے بلاول بھٹو کی مرکزی سیکرٹریٹ کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید منہاج القرآن کی لائف ممبر تھیں اور انکا شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے ساتھ ایک احترام کا رشتہ قائم تھا، بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے منہاج القرآن کی لائف ممبر شپ حاصل کرنے سے یہ تعلق دوسری نسل میں منتقل ہوگیا ہے جس کا ہم خیر مقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کے امیدوار ملک کے دیگر حلقہ جات میں اپنے نشان اور منشور پر الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مرکزی سیکریٹریٹ کا دورہ کیا۔ انہوں نے شہدائے ماڈل ٹاؤن کی یاد گار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ کی غیر جانبدار تفتیش ہونی چاہیئے اور مظلوموں کو انصاف ملنا چاہیے، غیر جانبدار تفتیش کا مطالبہ انتہائی جائزہے اس میں حائل قانونی رکاوٹیں دور ہونی چاہئیں اور سانحہ کے ذمہ داروں کو سزا ملنی چاہیے۔
بلاول بھٹو زرداری نے منہاج القرآن کی لائف ممبر شپ کا فارم پر کیا اور ممبر شپ حاصل کی اور کہا کہ میری والدہ بھی منہاج القرآن کی لائف ممبر تھیں، یہ رابطے بحال کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ منہاج القرآن کا ادارہ اسلام کے پرامن تشخص کو دنیا بھر میں اجاگر کر رہا ہے۔ سیاست اور معاشرت سے نفرت کا خاتمہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی امن کے فروغ اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے عالمگیر دینی خدمات کو سراہا۔
سیکریٹریٹ آمد پر پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی رہنماؤں راجہ زاہد محمود، میاں زاہد اسلام، میاں ریحان مقبول، نور اللہ صدیقی، عارف چوہدری، سردار عمر دراز خان، نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ، میاں کاشف، راشد چوہدری ایڈووکیٹ، جواد حامد اور لاہور کی قیادت نے خرم نواز گنڈا پور کی قیادت میں بلاول بھٹو زرداری اور ان کے وفدکو مرکزی سیکرٹریٹ میں خوش آمدید کہا۔ بلاول بھٹو زرداری نے گوشہ درود کا دورہ بھی کیا۔
خرم نواز گنڈا پور نے مزید کہا کہ این اے 127 کے حوالے سے پیپلز پارٹی کے مرکزی قائدین راجہ پرویز اشرف اور نیر بخاری سے تفصیلی بات ہوئی ہے اور دونوں طرف کے رہنما رابطے میں ہیں۔
تبصرہ