آزمائے ہوؤں کو آزمانا خودفریبی ہے: میاں ریحان مقبول
سارے ”مسٹر کلین“ ہیں تو پاکستان کو کس نے لوٹا؟ صدر سنٹرل پنجاب عوامی تحریک
1985ء تک خوشحال ملک پاکستان کو مقروض کرنے والوں کا بھی کبھی احتساب ہو گا؟
عوامی تحریک باجوڑ کی تحصیل ماموند میں دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت کرتی ہے
لاہور (9 جنوری 2024ء) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر اور پی پی 98 سے امیدوار میاں ریحان مقبول نے کہا ہے کہ 1985ء تک خوشحال ملک پاکستان کو مقروض اور غریب کرنے والوں کا بھی کبھی احتساب ہو گا؟ سارے ”مسٹر کلین“ ہیں تو پھر پاکستان کو کس نے لوٹا؟۔ کئی دہائیاں پرانے فیصلوں میں انصاف فراہم کرنا اچھی بات ہے امید ہے 9 سال پرانے کیس سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کو بھی انصاف ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم سے کہیں زیادہ سیاسی، سماجی تضادات کا حامل ہمسایہ ملک چاند پر پہنچ گیا جبکہ ایٹمی ملک پاکستان کی 10کروڑ سے زائد آبادی سستی روٹی کے لئے مارے مارے پھررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت روٹی 25 روپے اور نان 40 روپے میں فروخت ہورہا ہے۔ مزدور اور کم آمدنی والے خاندان آٹا، روٹی مہنگے ہونے کی وجہ سے فاقوں کی دہلیز پر کھڑے ہیں مگر کوئی محکمہ یا ادارہ ان پر توجہ نہیں دے رہا اور نہ ہی کوئی سیاسی جماعت اور اس کی لیڈر شپ اس ظلم پر مذمتی بیان جاری کررہی ہے۔ پہلے گرمیوں میں لوڈشیڈنگ ہوتی تھی اب سردیوں میں کئی کئی گھنٹے بجلی غائب ہے۔
پاکستان عوامی تحریک اسی لئے اس نظام کو بے رحم، سفاک اور غریب دشمن قرار ہوئے اسے بدلنے کی بات کرتی ہے۔ اس نظام میں غریب کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ پاکستان کے عوام کب تک وعدوں کے لالی پاپ کے ساتھ زندہ رہیں گے۔ آزمائے ہوؤں کو آزمانا خودفریبی ہے۔
دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک نے باجوڑ کی تحصیل ماموند میں دہشت گردی کے واقعہ میں 7 اہلکاروں کی شہادت اور درجنوں زخمیوں کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعہ میں ملوث دہشت گردوں اور ان کے ہمدردوں کو کڑی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ تشویشناک ہے۔
تبصرہ