مسائل کا حل نظام کی تبدیلی میں ہے: آصف سلہریا ایڈووکیٹ
لاڈلوں کی سیاست کا اب خاتمہ ہونا چاہیے، راہ نما عوامی تحریک امیدوار این اے 113
دسمبر میں 10 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ تباہی کی ایک چھوٹی سی جھلک ہے
لاہور(2 جنوری 2024ء)پاکستان عوامی تحریک کے رہنما این اے 113سے امیدوار آصف سلہریا ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ مسائل کا حل نظام کی تبدیلی میں ہے۔ موجودہ بحران کی ذمہ دار سٹیٹس کو کی حامل سیاسی جماعتیں ہیں۔ لاڈلوں کی سیاست نے ملک کو معاشی اعتبار سے تباہ کر دیا۔ بار بار ایک جیسے تجربات کی وجہ سے عوام میں مایوسی اور ملک میں مہنگائی اور گرانی ہے۔ صورت حال یہ ہو چکی ہے کہ دسمبر کے سرد مہینے میں بھی 8 سے 10 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے جو تباہی کی ایک چھوٹی سی جھلک ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک اداروں کے خلاف پراپیگنڈا کرنے والی سیاست کی مذمت کرتی ہے۔ ملک اور ادارے لازم و ملزوم ہیں، ان کی تضحیک والا رویہ ملک اور اس کے مستقبل کے لئے خطرناک ہے۔ اداروں کو سیاست میں مت گھسیٹا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک چاہتی ہے کہ ملک میں آئین کی بالادستی ہو اور آئین کے تابع جامع اصلاحات کی جائیں تاکہ کوئی بڑے سے بڑا شخص بھی قانون کو اپنی سہولت اور مرضی کے مطابق استعمال نہ کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ مضبوط عدلیہ اور غیر جانبدار الیکشن کمیشن ملک کے جمہوری مستقبل کے لئے ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے موجودہ نظام کو بے کار اور فرسودہ قرار دیا تھا آج اس نظام کی نحوست ہر طرف پھیلی ہوئی نظر آتی ہے۔
تبصرہ