سال 2023ء ڈراؤنے خواب کی طرح ہے: میاں ریحان مقبول
خدا نہ کرے ملک تباہ کرنے والی سوچ دوبارہ مسلط ہو، صدر سنٹرل پنجاب پی اے ٹی
ایک سال میں سبزیاں 77 فیصد، چاول 50 فیصد اور آٹا 60 فیصد مہنگا ہوا
لاہور (2 جنوری 2024ء) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر میاں ریحان مقبول نے پی پی 98 سے کاغذات کی منظوری کے بعد ڈور ٹو ڈور انتخابی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2023ء کا سال ڈراؤنے خواب کی طرح ہے۔ خدا نہ کرے 2024ء میں وہی سوچ مسلط ہو جس نے ملک کی جڑیں کھوکھلی کر دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال میں سبزیاں 77 فیصد، چاول 50 فیصد، آٹا 60 فیصد مہنگا ہوا، عام آدمی کا جینا مشکل ہو گیا۔ پاکستان عوامی تحریک کسانوں کو مضبوط اور خوشحال بنا کر پاکستان کو اناج کے بحران سے باہر نکالے گی۔ ہر الیکشن میں روایتی سیاسی جماعتوں نے زراعت کی مضبوطی کی بات کی مگر اقتدار میں آ کر کسانوں کی بجائے مراعات یافتہ طبقہ کے لئے مزید آسانیاں پیدا کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ کسان خوشحال ہو گا تو معیشت کا پہیہ چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ کتنے دکھ کی بات ہے کہ زرعی ملک پاکستان ہر سال اربوں ڈالر کی خوراک درآمد کرتا ہے۔ وہ گزشتہ روز چک جھمرہ فیصل آباد میں انتخابی مہم کے دوران مختلف کارنر میٹنگز میں گفتگو کررہے تھے۔
تبصرہ