عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی پہلی ترجیح ہے: قاضی زاہد حسین
اقتدار میں آ کرپولیس کا سیاسی کردار ختم کریں گے: مرکزی صدر عوامی تحریک
عوام اور پولیس کے درمیان موجود بداعتمادی کا فائدہ جرائم پیشہ اٹھا رہے ہیں
لاہور (30 دسمبر 2023) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے بغیر ترقی کا کوئی ہدف حاصل نہیں ہو گا۔ لاء اینڈ آرڈر کی بربادی اب جانی و مالی نقصانات تک محدود نہیں رہی بلکہ اس سے عوام اور ریاست کا رشتہ کمزور ہو رہا ہے۔ لوگ شام کے بعد گھروں سے نکلتے ہوئے خوفزدہ ہوتے ہیں۔ کراچی، لاہور، راولپنڈی، پشاور، کوئٹہ سمیت تمام بڑے شہروں میں ڈاکو دندناتے پھرتے ہیں۔ سٹریٹ کرائم کا گراف خوف ناک حد تک اوپر جا چکا ہے۔ چاروں صوبوں کے لاء اینڈ آرڈر کو بہتر بنانے کیلئے لگ بھگ 5سو ارب روپیہ صرف پولیس پر خرچ کیا جا تا ہے، مگر پولیس کے نان پروفیشنل کنڈکٹ، ناکافی ٹریننگ، عوام سے دوری، سیاسی سرگرمیوں میں حد سے بڑھی دلچسپی کی وجہ سے عوام کے جان ومال کے محافظ پولیس کا ادارہ تباہ حال ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک چاہتی ہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ کسی بھی حکومت اور ریاست کی پہلی ترجیح ہے، انہوں نے کہاکہ ہم اقتدار میں آ کر پولیس کی سیاسی ڈیوٹیوں اور سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد کریں گے اور اسے باوقار اور پروفیشنل ادارہ بنانے کیلئے تقرر و تبادلہ میں میرٹ کا نظام لائیں گے۔ عوام اورپولیس کے درمیان جو بد اعتمادی ہے اسے ختم کیا جائے گا۔کیونکہ اس خلاکا فائدہ جرائم پیشہ اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جب کسی غریب کی جمع پونجی لٹتی ہے تو اس کی دنیا ویران ہو جاتی ہے۔ افسوس ہماری پولیس اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں بھول کر دیگر مشاغل میں زیادہ دلچسپی لیتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ تھانوں میں غریب کو عزت نہیں ملتی، ایف آئی آر کے اندراج سے لے کر ایف آئی آر کی کاپی کے حصول تک متاثرین کو پولیس کے بے رحمانہ برتاؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ جامع اصلاحات کے بغیر عوام کے جان و مال کا تحفظ ناممکن ہے۔
تبصرہ