سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوم 9 سال سے انصاف مانگ رہے ہیں: خرم نواز گنڈاپور
عوامی تحریک ایسا نظام چاہتی ہے جس میں سب کا جان، مال، ناموس محفوظ ہو
عدل و انصاف کے بغیر کوئی معاشرہ اپنا وجود قائم نہیں رکھ سکتا: سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
لاہور (31 دسمبر 2023) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ ملک میں ایسا سیاسی نظام چاہتے ہیں جس میں سانحہ ماڈل ٹاؤن جیسے واقعات نہ ہوں اور سب کا جان، مال، ناموس محفوظ ہو عدل انصاف کے بغیر کوئی معاشرہ اپنا وجود قائم نہیں رکھ سکتا۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ نظام عدل ہی قوموں کی آزادی کا محافظ اور خوشحالی کا ضامن ہوتا ہے، انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوم نو سال سے مروجہ قانون کے مطابق انصاف مانگ رہے ہیں۔مگر انصاف نہیں مل رہا ہم امن پسند ہیں اور قانون کا احترام کرتے ہیں آئین و قانون کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں۔اسی لیے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کے حصول کیلئے قانونی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد آئین کی بالادستی اور انصاف کے بول بالا کے لیے ہے۔
انہوں نے کہاکہ جب تک سانحہ ماڈل ٹاؤن کے متاثرین، شہدا کے لواحقین کو انصاف نہیں مل جاتا، کمزور کا نظام عدل پر اعتماد بحال نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کی سیاست پاکستان اور اس کے عوام کے لیے ہے۔
تبصرہ