شفاف کردار کے لوگوں کو اسمبلیوں میں آنا چاہیے: خرم نواز گنڈاپور
عوامی تحریک نے 23 دسمبر 2012ء کے دن ریاست نہیں سیاست بچاؤ کا نعرہ دیا
شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری نے انتخابی اصلاحات کا قانونی پیکیج دیا، سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
لاہور (22 دسمبر 2023) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک نے آج سے 10 سال قبل 23 دسمبر 2012ء کے دن نظام انتخاب کو شفاف بنانے کے لئے انتخابی اصلاحات کا قانونی پیکیج دیا اور سیاست نہیں ریاست بچاؤ کا نعرہ لگایا۔ اگر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے انتخابی اصلاحات کے ویژن پر عملدرآمد کر لیا جاتا تو قوم آج جس سیاسی بحران سے گزررہی ہے نہ گزررہی ہوتی۔ غیر شفاف کردار کے عوامی نمائندوں نے پارلیمنٹ کو بے توقیر اور جمہوریت کو بدنام کیا۔ آج بھی اس امر کی اشد ضرورت ہے کہ اسمبلیوں میں شفاف کردار کے لوگوں کو آنا چاہیے تاکہ وہ اپنی ذات کو مضبوط کرنے کی بجائے اداروں اور جمہوریت کو مضبوط کرنے کے لئے کام کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ 23 دسمبر 2012ء کے دن لاکھوں افراد نے مینار پاکستان جمع ہو کر فرسودہ نظام انتخاب کے خلاف اپنی نفرت کا اظہار کیا تھا اور پھر انتخابی اصلاحات کے لئے اسلام آباد کی طرف پرامن مارچ بھی کیا گیا۔ اُس وقت کی حکومت نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے انتخابی اصلاحات کے ویژن کو قبول کرتے ہوئے تحریری معاہدہ بھی کیا تھا مگر افسوس اُس معاہدے پر آج کے دن تک عمل نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ قومیں شفاف نظام انتخابات اور جمہوری اقدار کے ساتھ ترقی کرتیں اور آگے بڑھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک عوامی نمائندگی کے ایکٹ اور اس ضمن میں آئین کی متعلقہ شقوں پر عملدرآمد نہیں ہو گا نظام میں کوئی بہتری نہیں آئے گی۔ 23 دسمبر 2012ء کے تاریخی جلسے کا نعرہ سیاست نہیں ریاست بچاؤ تھا۔
تبصرہ