سانحہ اے پی ایس کو بھلایا نہیں جا سکتا: خرم نواز گنڈاپور
قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لئے قومی سلامتی کے اداروں کے شانہ بشانہ ہے
دہشت گردوں نے دسمبر میں ہی ڈیرہ اسماعیل خان میں خون کی ہولی کھیلی
پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ سانحہ اے پی ایس کو قوم کبھی نہیں بھول سکتی۔ معصوم خون آج بھی یہ وعدہ یاد دلارہا ہے کہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے پی ایس پشاور سانحہ نے سوئی ہوئی قوم کو خواب غفلت سے جگایاامن کی ضرورت و اہمیت کو اجاگر کیا۔ دہشت گردوں کو مکمل شکست تک امن بحال نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس کے متاثرہ والدین اور خاندان آج بھی غم زدہ ہیں اور ان کی آنکھوں میں سوال ہے کہ دہشت گردی کب ختم ہو گی؟ اور قوم کے بچے کب محفوظ ہونگے؟
انہوں نے کہا کہ دسمبر کے ہی مہینے میں دہشت گردوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں خون کی ہولی کھیلی اور قوم نے اپنے عظیم سپوتوں کو کھو دیا۔ اگر قوم نے متحد ہو کر دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا قلع قمع نہ کیا تو ہمارے پیارے ایک ایک کر کے جان سے جاتے رہیں گے۔ پاکستان کے امن پسند عوام دہشت گردوں سے نفرت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان سانحہ کے شہداء کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کے صبر جمیل کے لئے دعا گو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد پلٹ پلٹ کر قومی سلامتی سے کھیل رہے ہیں انہیں مکمل شکست دینا ہو گی اور دہشت گردی کے خاتمہ کی جنگ میں قوم سلامتی کے اداروں کے شانہ بشانہ ہے۔
تبصرہ