موجودہ نظام عوام کی خوشیوں کا قاتل ہے: ریحان مقبول
متناسب نمائندگی کے نظام سے امن اور خوشحالی آئے گی، صدر عوامی تحریک پنجاب
ہر ملک نے اپنے ماحول کے مطابق نظام وضع کیا، ہمارا نظام برطانوی اور بدیسی ہے
پاکستان عوامی تحریک 3 دہائیوں سے نظام کی تبدیلی کے لئے جدوجہد کررہی ہے
لاہور (15 دسمبر 2023ء) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر میاں ریحان مقبول نے کہا ہے کہ موجودہ نظام عوام کی خوشیوں کا قاتل، امن کا دشمن اور جاگیرداروں، سرمایہ داروں کے مفاد کا محافظ ہے۔ متناسب نمائندگی کے نظام سے سٹیٹس کو ٹوٹے گا اور امن و خوشحالی آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام انتخاب میں 51 فیصد سیاہ و سفید کا مالک ہے جبکہ 49فی صد کچھ بھی نہیں ہے۔ جبکہ 49 فیصد کو قومی سیاسی دھارے سے الگ کرنا اور اسے عضو معطل بنا دینا جمہوریت نہیں ہے بلکہ فسطائیت سے بھی بدتر رویہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام طبقات کو قومی ترقی کے دھارے میں لائے بغیر ملکی مسائل حل نہیں ہونگے۔ پاکستان عوامی تحریک 3 دہائیوں سے نظام کی تبدیلی کیلئے جدوجہد کررہی ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ اس ظالم اور فرسودہ نظام سے جان چھڑائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہر ملک نے اپنے ماحول کے مطابق نظام وضع کیا۔ ہمارا نظام برطانوی ہے۔ برطانیہ جیسے ٹھنڈے ملک والا نظام ہمارے گرم خطہ کیلئے سود مند نہیں ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ اس نظام کے تحت جتنے الیکشن بھی ہو جائیں کوئی مثبت نتیجہ نہیں نکلے گا۔
تبصرہ