انتخابی مہم کا آغاز اسلام آباد سے کر رہے ہیں: خرم نواز گنڈاپور
ملک سنگین بحرانوں کا شکار ہے نفرتوں کو کم کرنا ہو گا: ورکرز کنونشن سے خطاب
ورکرز کنونشن سے قاضی شفیق، سردار عمر دراز، ابرار رضا ایڈووکیٹ و دیگر کا خطاب
لاہور (11 دسمبر 2023ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے اسلام آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی مہم کا آغاز اسلام آباد سے کر رہے ہیں، سیاست کی بجائے ریاست کی حفاظت کرنا ہو گی، ملک سنگین بحرانوں کا شکار ہے نفرتوں کو کم کیا جائے، عام آدمی مہنگائی، بیروزگاری میں کمی چاہتا ہے، وہی جماعت عوامی توجہ حاصل کرے گی جس کا ایجنڈہ عوام کی فلاح و بہبود ہو گا۔ اس موقع پر اسلام آباد کی نئی تنظیمی عہدیداروں کی حلف برداری بھی ہوئی۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہاکہ انتخابی مہم کے دوران کسی پر کیچڑ نہیں اچھالیں گے ہمارا بیانیہ تخریب نہیں تعمیرہے۔ انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال سنگین ہو چکی ہے۔ عوام کا جان و مال غیر محفوظ ہے۔لاہور میں رواں سال 92 ہزار ڈکیتی اور راہزنی کے واقعات ہوئے۔ ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں شہریوں سے اربوں روپے لوٹ لیا گیا، پولیس کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کا نتیجہ لاقانونیت کی صورت میں سامنے آیا ہے۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ان کی اصل ڈیوٹی تک محدود کرناہو گا تا کہ عوام چین کی نیند سو سکیں۔
ورکرز کنونشن سے قاضی شفیق، ابرار رضا ایڈووکیٹ، اشتیاق میر ایڈووکیٹ، سردار عمر دراز، چوہدری یاسین ایڈووکیٹ، فاروق بٹ، شیخ اقبال، چوہدری ضمیر، طارق مغل نے خطاب کیا۔
تبصرہ