چنگ چی رکشوں پر پابندی سے لاکھوں افراد بیروزگار ہونگے: ریحان مقبول
ٹرانسپورٹ کا محکمہ بروقت کارروائی کرتا تو آج یہ دن نہ دیکھنا پڑتے، صدر پنجاب عوامی تحریک
اگر مسئلہ رجسٹریشن اور کوالٹی کا ہے تو اسے بہتر بنا کر کوئی درمیانی راستہ نکالا جائے
لاہور (4 دسمبر 2023ء) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر میاں ریحان مقبول نے کہا ہے کہ چنگ چی رکشوں پر پابندی سے لاکھوں خاندان بے روزگار ہو جائیں گے، جب یہ رکشے سڑکوں پر آرہے تھے اُس وقت حکومت اور اُس کے متعلقہ اداروں نے آنکھیں بند کیوں کئے رکھیں؟۔ ہمارا یہ المیہ ہے کہ سیاستدان اور بیوروکریٹس ملی بھگت سے پہلے جرم کی پرورش کرتے ہیں اور جب کوئی جرم اپنی جڑیں مضبوط کر لیتا ہے تو پھر ریاستی طاقت کا ہتھوڑا استعمال کیا جاتا ہے۔ ٹرانسپورٹ کا محکمہ بروقت کارروائی کرتا تو آج یہ دن نہ دیکھنا پڑتے۔
انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ چنگ چی رکشوں نے نہ صرف ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ کیا بلکہ ٹریفک کے سنگین مسائل کو جنم دیا۔ کئی جانیں تلف ہوئیں اب جبکہ لاکھوں کی تعداد میں یہ رکشے اور انہیں تیار کرنے والی سینکڑوں ورکشاپس کام کررہی ہیں تو اب ٹرانسپورٹ کے محکموں کو ان رکشوں کو بند کرنے کا خیال آگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس امر کی تحقیق بھی ضروری ہے کہ چنگ چی رکشوں کو سڑکوں پر دندنانے اور اس کی ورکشاپس قائم کرنے کی اجازت کس نے دی؟۔
انہوں نے کہا کہ صرف لاہور شہر میں 80 ہزار سے زائد موٹر سائیکل رکشے چل رہے ہیں جن میں سے صرف 20 فیصد رجسٹرڈ ہیں اور 9 سو سے زائد غیر قانونی ورکشاپس قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم بڑے دکھ سے کہیں گے کہ ہمارا بیوروکریٹ او رہمارے سیاستدان مالی منفعت کے لئے اجتماعی عوامی زندگی سے کھیلنے سے نہیں چوکتے۔ بیوروکریٹس اور مقتدر سیاستدانوں کی اخلاقی تربیت کرنے پر توجہ دی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لاکھوں افراد کو بیک جنبش قلم بیروزگار کرنا ایک اور بری حرکت ہے۔اگر مسئلہ رجسٹریشن اور کوالٹی کا ہے تو اسے بہتر بنا کر کوئی درمیانی راستہ نکالا جائے۔
تبصرہ