عوامی تحریک کا 8 رکنی پارلیمانی بورڈ تشکیل دے دیا گیا
رانا مال نئی پیکنگ میں بیچنے کی کوشش ہورہی ہے، خرم نواز گنڈاپور
عوامی امنگوں کی ترجمان پارلیمنٹ سے ترقی کا رکا سفر شروع ہو گا، سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
لاہور (یکم دسمبر 2023ء) پاکستان عوامی تحریک نے 8 رکنی پارلیمانی بورڈ تشکیل دے دیا ہے، بورڈ قومی و صوبائی اسمبلیوں کے امیدواروں کے انٹرویو اور انہیں پارٹی ٹکٹ جاری کرے گا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ سیاسی خلا پیدا ہوچکا ہے جو روایتی چہروں سے پر نہیں ہوگا، عوام کو گاہک سمجھ کر پرانا مال نئی پیکنگ میں بیچنے کی کوشش ہورہی ہے۔ عوامی امنگوں کی ترجمان پارلیمنٹ کے قیام سے ہی ترقی کا رکا ہوا سفر شروع ہو گا، ورنہ قوم کولہو کے بیل کی طرح بے منزل رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ مارکیٹنگ کی اہمیت مسلمہ ہے مارکیٹنگ کے فن سے ہر چمکنے والی چیز کو سونا بنا کر پیش کیا جا سکتا ہے مگر اس فن سے گدھ کوباز ثابت نہیں کیا جا سکتا کیونکہ سب باز اور گدھ کے فرق کو سمجھتے ہیں۔
دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر میاں ریحان مقبول نے کہا کہ 60 فیصد یوتھ کا ناکام بزرگ سیاسی قیادت کے ساتھ مزید گزارہ ناممکن ہے۔ اجتماعی شعور کی مزید تضحیک نہ کی جائے زمانہ غار کی سیاسی قیادت کو 21 توپوں کی سلامی دے کر کوچہ سیاست سے رخصت کر دیا جائے، فی زمانہ ”بزرگ سیاسی قیادت“ تجاوزات کی طرح ہے اسے ہٹائے بغیر ترقی کی ٹریفک نہیں چلے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کی باکردار اور نوجوان قیادت سیاسی خلا پر کرنے کی استعداد رکھتی ہے۔
پارلیمانی بورڈ میں خرم نواز گنڈاپور، راجہ زاہد محمود، نوراللہ صدیقی، محمد عارف چودھری، میاں ریحان مقبول، قاضی شفیق، ثاقب بھٹی، سردار عمر دراز خان شامل ہیں۔
تبصرہ