پاکستان کا استحکام آئین کی بالادستی میں ہے: نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ
انصاف کیلئے مظلوم بار اور بنچ کی طرف دیکھتے ہیں: صدر عوامی لائرز فورم
عوامی لائرز فورم کے ماہانہ اجلاس میں رہنماؤں کا اظہار خیال
لاہور( 30نومبر 2023) عوامی لائرز فورم کا ماہانہ اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ صدر عوامی لائرز فورم نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک وکلا برادری کو درپیش مسائل کو حل نہیں کیا جائے گا سستے اور فوری انصاف کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں سکتا۔ پاکستان کا استحکام آئین کی بالادستی میں ہے۔ انصاف کیلئے مظلوم بار اور بنچ کی طرف دیکھتے ہیں۔ عوامی لائرز فورم وکلاء برادری کو درپیش مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے، لاہور بار کے آئندہ انتخابات میں عوامی لائرز فورم کی طرف سے کسی بھی امیدوار کی حمایت کرنے کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا 3 دسمبر کو منعقد ہونیوالے اجلاس میں اس حوالے سے فیصلے کا اعلان کیا جائے گا۔ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثا کو انصاف دینا عدلیہ اور حکومت کی ذمہ داری ہے جب مظلوموں کو انصاف نہیں ملتا تو مایوسی جنم لیتی ہے۔
سیکرٹری جنرل عوامی لائرز فورم چوہدری محمد راشد ایڈووکیٹ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فوری انصاف کی فراہمی میں وکلا کا کردار نہایت اہم ہے۔ میرٹ پر انصاف کی فراہمی سے عوام کا نظام عدل پر اعتماد بحال ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی کتاب”دستور مدینہ“ کی تقریب رونمائی ماہ جنوری میں ایوان اقبال لاہور میں منعقد ہوگی جس میں عوامی لائرز فورم کے عہدیداران بھر پور شرکت کریں گے اور وکلاء کی بڑی تعداد کو اس پروگرام میں شرکت کے حوالے سے دعوت نامے بھیجے جائینگے۔
جنرل سیکرٹری پنجاب سردار غضنفر حسین ایڈووکیٹ نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وکلا برادری قانون اور انصاف کی بالادستی یقینی بنانے کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ وکلا کا فرض قانونی جنگ کے ساتھ ساتھ بہتر معاشرے کیلئے جدوجہد کرنا بھی ہے۔
ملک انتظار حسین کھوکھر ایڈووکیٹ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بار اور بنچ کے تعاون سے ہی لوگوں کو حقیقی انصاف مہیا ہو سکتا ہے، انہوں نے کہاکہ عدالتوں اور جوڈیشل ذمہ داران کی عزت کرنا وکلا پر فرض ہے۔
زوبیہ سلیم ایڈووکیٹ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان وکلا اور خصوصی طور پر خواتین وکلا کے مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہونی چاہئیے۔اجلاس میں سردار عمر دراز خان، محمد عرفان افضل ایڈووکیٹ، نذیر احمد رحمانی ایڈووکیٹ، نوید شہزاد ایڈووکیٹ، ناصر علی قادری ایڈووکیٹ، مجید محمود لنگڑیال ایڈووکیٹ و دیگر وکلا نے شرکت کی۔اجلاس کے اختتام پر ملکی سلامتی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔
تبصرہ