پاکستان کو خوشحال بنانے کے لیے شعبہ زراعت پر سرمایہ کاری کی جائے: عوامی تحریک
عوامی تحریک کی منشور کمیٹی میں نوراللہ صدیقی، عارف چودھری، سردار عمر دراز کی گفتگو
لاہور (13 نومبر2023ء) پاکستان عوامی تحریک کی منشور کمیٹی کے اجلاس میں فروری 2024ء کے انتخابات کے حوالے سے منشور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، سیکرٹری کوآرڈینیشن عارف چودھری، ڈپٹی سیکرٹری کوآرڈینیشن سردار عمر دراز خان نے شرکت کی۔ کمیٹی ممبران نے قرار دیا کہ خوشحالی کے لئے زراعت پر سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرنا ہوگی،زراعت سے خوش حال پاکستان کا مستقبل وابستہ ہے۔
اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے نوراللہ صدیقی نے کہا کہ تعلیم کے شعبہ میں انقلابی اصلاحات کی ضرورت ہے۔ پرائمری سطح سے کمپیوٹر کی تعلیم کو لازمی قرار دینا ہو گا۔ اس کے علاوہ عوامی مسائل کے حل اور گھر کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے بلدیاتی اداروں کو آئین کے آرٹیکل 140-Aکے تحت اختیارات دینا ہوں گے۔
عارف چودھری نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک نے استحصالی نظام کے خلاف جو آواز اٹھائی تھی وہ آواز آج پاکستان کے ہر ادارے اور ہر آدمی کی زبان پر ہے۔ اس نظام نے پاکستان کو بحرانوں کی آماجگاہ بنادیا ہے، جامع اصلاحات کے بغیر کچھ بھی نہیں بدلے گا۔
سردار عمر دراز خان نے تجویز دی کہ صرف شعبہ زراعت پاکستان کو مشکلات سے نکال سکتا ہے۔ کسانوں کو وسائل اور جدید مشینری دے کر ہم غربت کو خوشحالی میں بدل سکتے ہیں۔ منشور کو حتمی شکل دینے کے لئے تمام ذمہ داران سے تحریری تجاویز طلب کر لی گئی ہیں۔
تبصرہ