عوامی تحریک کی سی ای سی کا اجلاس، الیکشن میں بھرپور حصہ لینے کا اعلان
منشور کمیٹی پارلیمانی بورڈ کی تشکیل، رابطہ عوام و کارکن مہم شروع کرنے کا فیصلہ
ژوب اور میانوالی دہشت گردی واقعات کی مذمت، شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے دعا
گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ واپس لینے، پٹرول کی قیمتیں کم کی جائیں: خرم نواز گنڈاپور
لاہور (7 نومبر2023ء) پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کا ہنگامی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال اور آئندہ انتخابات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں ایک قرارداد کے ذریعے ژوب اور میانوالی میں فورسز پر حملے اور دہشت گردی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ جوانوں کی شہادت پر دلی افسوس کا اظہار اور سوگوار خاندانوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور دعائے مغفرت کی گئی۔
قرارداد میں دہشت گردوں کے مذموم عزائم خاک میں ملانے پر افواج پاکستان کے افسروں، جوانوں کے جذبہ حب الوطنی اور جرأت مندی کو سراہا گیا۔ ایک قرارداد کے ذریعے چیف جسٹس سپریم کورٹ سے اپیل کی گئی کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کو انصاف دیا جائے اور اس ضمن میں مختلف عدالتوں میں زیر التوا درخواستوں کو بلاتاخیر نمٹایا جائے۔ ایک قرارداد کے ذریعے گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے یہ اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا اور کہا گیا کہ عوام کے چولہے نہ بجھائے جائیں۔
اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ پٹرول کی قیمتیں کم کی جائیں،پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے کہا کہ مفاد عامہ کے خلاف عالمی مالیاتی معاہدے کرنے والوں کا آئندہ انتخابات میں عوام محاسبہ کریں گے۔
پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ملک تاریخ کی بدترین مہنگائی اور معاشی بد حالی سے گزر رہا ہے عوام مسائل کا حل چاہتے ہیں، اجلاس میں عالمی برادری سے اپیل کی گئی غزہ اور فلسطین کے جنگ زدہ علاقوں میں ویلفیئر کے لیے بند راستے کھولیں جائیں۔
سنٹرل ایگزیکٹول کونسل کے اجلاس میں نوید جٹ کو جنوبی پنجاب کا اور ڈاکٹر جہانگیر عباسی کو ہزارہ زون کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی گئی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ انتخابات میں بھرپور حصہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں رابطہ عوام و کارکن مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا آئندہ انتخابات کے لئے منشور کمیٹی اور پارلیمانی بورڈ بھی تشکیل دیا گیا۔
اجلاس میں میاں ریحان مقبول، راجہ زاہد محمود،میاں زاہد اسلام، نوید جٹ، میاں کاشف، عارف چودھری، سردار عمردراز خان، توقیر اعوان، سید ظفر اقبال شاہ، نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ، اعجاز سدوزئی، ڈاکٹر جہانگیر عباسی، عائشہ مبشر، کامران پرویز، عثمان ہاشم خان، ثاقب بھٹی نے شرکت کی۔
تبصرہ